یونان کشتی حادثے کا مرکزی ملزم گرفتار، اسلحہ بھی بر آمد

ملزم نے کشتی متاثرین سے لاکھوں روپے بٹور کر انہیں کشتی میں سوار کرایا تھا

Sajid Ali ساجد علی اتوار 7 اپریل 2024 15:20

یونان کشتی حادثے کا مرکزی ملزم گرفتار، اسلحہ بھی بر آمد
سرگودھا ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 07 اپریل 2024ء ) سرگودھا کے علاقے پھلروان سے یونان کشتی حادثے کے مرکزی ملزم کو گرفتار کر لیا گیا جس سے اسلحہ بھی برآمد ہوا ہے۔ پولیس نے بتایا کہ دورانِ تفتیش انکشاف ہوا کہ گرفتار یاسر یونان کشتی حادثہ کا مرکزی ملزم ہے، جس پر ضروری کارروائی کے بعد ملزم کو ایف آئی اے کے حوالے کر دیا گیا ہے، ملزم نے کشتی متاثرین سے لاکھوں روپے بٹور کر انہیں کشتی میں سوار کرایا تھا۔

واضح رہے کہ یونان کشتی حادثہ 14 جون 2023ء کو پیش آیا تھا، کشتی میں 700 افراد سوار تھے جن میں 350 پاکستانی تھے، جس کے بعد ایف آئی اے گجرات نے انتہائی مطلوب انسانی اسمگلر کو گرفتار کیا، ملزم کا نام انتہائی مطلوب انسانی اسمگلرز کی ریڈ بک میں بھی شامل تھا، ملزم جاوید حسین ایف آئی اے گجرات کو سات مقدمات میں مطلوب تھا، ملزم یونان کشتی حادثے کے بعد روپوش ہوگیا تھا، ملزم جاوید لیبیا میں مقیم مطلوب ملزم حمزہ سنیارے کا فرنٹ مین ہے۔

(جاری ہے)

ایف آئی اے حکام نے بتایا کہ ملزم گجرات سے انسانی اسمگلنگ کے بین الاقوامی نیٹ ورک کو چلا رہا تھا، بدنام زمانہ انسانی سمگلرز نے متاثرین کے اہل خانہ کو اٹلی بھیجنے کے لیے بھاری رقوم بٹوریں، گزشتہ برس جولائی میں ایف آئی اے گجرات نے مجموعی طور پر 35 انسانی سمگلرز کو گرفتار کیا، ریڈ بک میں شامل بدنام زمانہ ایجنٹس کو بھی گرفتار کیا گیا، گرفتار ایجنٹوں میں اسلم اور حسنین شاہ کو گجرات سے گرفتار کیا گیا، ملزم شہریوں کو غیرقانونی طریقے سے لیبیا، یورپ بھجوانے میں ملوث تھے ملزمان کو گرفتار کرکے تفتیش کا آغاز کردیا گیا۔