ٹک ٹاک ویڈیو بناتے ہوئے غیرملکی شہری فیصل مسجد کی پہلی منزل سے گر کر جاں بحق

نوجوان حفاظتی دیوار پر چڑھ کر ویڈیو بناتے ہوئے نیچے گرا، جس کو شدید زخمی حالت میں ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ دم توڑ گیا

Sajid Ali ساجد علی پیر 8 اپریل 2024 11:59

ٹک ٹاک ویڈیو بناتے ہوئے غیرملکی شہری فیصل مسجد کی پہلی منزل سے گر کر ..
اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 08 اپریل 2024ء ) اسلام آباد میں غیرملکی نوجوان ویڈیو بناتے ہوئے فیصل مسجد کی پہلی منزل سے گر کر جاں بحق ہوگیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق افغان باشندہ فیصل مسجد اسلام آباد کی پہلی منزل پر ویڈیو بنا رہا تھا کہ اس دوران اچانک اپنا توازن کھونے پر نیچے گر گیا جس کے نتیجے میں اسے شدید چوٹیں آئیں، نوجوان کو شدید زخمی حالت میں ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ دم توڑ گیا۔

بتایا گیا ہے کہ مرنے والے نوجوان کی شناخت مسیح اللہ کے نام سے ہوئی جو اپنی فیملی کے ساتھ فیصل مسجد آیا ہوا تھا، نوجوان فیصل مسجد کی پہلی منزل کی حفاظتی دیوار پر چڑھ کر ویڈیو بناتے ہوئے نیچے گرا اور ہسپتال پہنچ کر دم توڑ گیا۔ ادھر صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں ٹک ٹاک کے جنون نے نوجوان کی جان لے لی، یہ افسوسناک واقعہ ماڑی پور فٹ بال گراؤنڈ کے قریب پیش آیا جہاں گھر میں اتفاقیہ فائرنگ سے میٹرک کا طالب علم جاں بحق ہوگیا، مقتول سینے پر پستول رکھ کر ٹک ٹاک بناتے ہوئے گولی چلنے کے باعث جان سے چلا گیا، جس کی لاش سول ہسپتال منتقل کردی گئی۔

(جاری ہے)

ترجمان کراچی پولیس نے بتایا کہ مقتول کی شناخت 18 سالہ عدیل ولد فضل کریم کے نام سے ہوئی، جس کی موت کا واقعہ ذاتی اسلحہ سے اتفاقیہ گولی چلنے سے پیش آیا، مقتول چار بہن بھائیوں میں سب سے بڑا اور میٹرک کا طالب علم تھا اور علاقے میں انٹرنیٹ کیبل کا کام بھی کرتا تھا، پولیس نے قانونی کارروائی مکمل کرنے کے بعد لاش ورثاء کے حوالے کردی اور واقعے کی تحقیقات کا بھی آغاز کر دیا گیا۔

اسی طرح صوبہ پنجاب کے شہر ننکانہ صاحب میں بھی ٹک ٹاک ویڈیو بناتے ہوئے اچانک بندوق چلنے سے نوجوان چل بسا، یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب ننکانہ صاحب میں اٹاری چاکر کےعلاقے میں ٹک ٹاک بناتے ہوئے اچانک بندوق چلنے سے نوجوان جان موت کے منہ میں چلا گیا۔ پولیس نے کہا ہے کہ گولی لگنے سے لاہور سے آیا ہوا 17سالہ حمزہ جاں بحق ہوا، مقتول اپنے کزن ذیشان کے ساتھ ٹک ٹاک بنا رہا تھا، واقعے کے بعد پولیس نے مقتول کے کزن ذیشان کو حراست میں لے کر مزید تفتیش شروع کردی۔