یورپی ممالک کی امیگریشن پالیسیوں پر نظر ثانی کے لئے رائے شماری بدھ کو ہو گی

پیر 8 اپریل 2024 14:27

برسلز (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 اپریل2024ء) یورپی یونین کے رکن ممالک کی امیگریشن پالیسیوں پر وسیع پیمانے پر نظر ثانی کے لئے رائے شماری بدھ کو ہو گی۔اے ایف پی کے مطابق اس بات کا امکان ہے کہ یورپی یونین کے رکن ممالک میں پناہ کے خواہاں غیر ملکیوں کے لیے داخلے کے طریقہ کار کو مشکل بنا دیا جائے گا اور بلاک کےرکن تمام ممالک کو پناہ گزینوں کے حوالہ سے مشترکہ ذمہ داریوں پر زور دیا جائے گا۔

یورپی پارلیمنٹ ستمبر 2020 میں یورپی کمیشن کی طرف سے دی گئی تجویز کی بنیاد پر بلاک کے امیگریشن اور پناہ گزین معاہدے کی تشکیل کرنے والے قوانین کی رائے شماری کے بعد منظوری دے گی ۔ منظوری کی صور ت میں اس کا اطلاق 2026 سے ہو گا۔ اس اقدام کا مقصد یورپ پہنچنے کے مقصد کے ساتھ اپنے علاقوں کو چھوڑنے والے تارکین وطن کی تعداد کو کم کرنے کی کوشش ہے۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ 27 ممالک پر مشتمل یورپی یونین میں پناہ کی درخواستوں کی تعداد گزشتہ سال 11 لاکھ 40 ہزار تک پہنچ گئی، جو 2016 کے بعد سے بلند ترین سطح ہے۔ یورپی یونین کی سرحدی اور ساحلی محافظ ایجنسی فرونٹیکس کے مطابق بلاک میں غیر قانونی تارکین وطن کی آمد میں بھی اضافہ ہو رہا ہے جو پچھلے سال تین لاکھ 80 ہزار تک پہنچ گئی ہے۔یورپی پارلیمنٹ کے رکن مین فریڈ ویبر کا کہنا ہے کہ یورپی یونین میں پناہ حاصل کرنے والوں کا فیصلہ انسانی سمگلرنہیں بلکہ یونین کے رکن ممالک کے حکام کریں گے۔دوسری طرف یورپ میں غیر سرکاری تنظیموں اور خیراتی اداروں نے امیگریشن پالیسیوں میں اصلاحات کی مخالفت کی ہے۔