”فائیو آئیز“ کا چین پر ریاستی سرپرستی میں بڑے پیمانے پر ہیکنگ کا الزام‘سائبرحملوں میں بیجنگ ملوث ہے .برطانیہ

فائیو آئیز ممالک کی طرف سے الزامات حقیقی خدشات نہیں ہیں بلکہ سیاسی مفادات کا ایک دانستہ اور موقع پرستانہ عمل ہے.چین کا ردعمل

Mian Nadeem میاں محمد ندیم پیر 8 اپریل 2024 14:56

”فائیو آئیز“ کا چین پر ریاستی سرپرستی میں بڑے پیمانے پر ہیکنگ کا الزام‘سائبرحملوں ..
لندن(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔08 اپریل۔2024 ) امریکا ‘برطانیہ‘آسٹریلیا‘کینیڈا اور نیوزی لینڈ پر مشتمل انٹیلی جنس اتحاد”فائیو آئیز“کے اہم رکن برطانیہ نے دیگر ارکان کے ساتھ مل کر چین پر الزام لگایا کہ وہ ان کے خلاف ریاستی سرپرستی میں ہیکنگ مہم میں ملوث ہے مبینہ سائبر حملے کے جواب میں انہوں نے ہیکرز کے ایک چھوٹے سے گروپ اور ان سے وابستہ کاروباروں کے خلاف مربوط پابندیاں شروع کیں.

(جاری ہے)

برطانیہ میں پابندیوں کی خبروں کو سیاسی مقاصداور عوامی توجہ حاصل کرنے کے لیے استعمال کیا جارہا ہے خاص طور پر حکومت کی جانب سے اطلاعات عام کرنے پر کہ تین سال قبل انتخابی کمیشن پر ہیک کرنے کے پیچھے بیجنگ کا ہاتھ تھا قابل ذکر بات یہ ہے کہ ملک کی کنزرویٹو پارٹی سے منسلک تمام اخبارات نے اس بیانیے کو جارحانہ انداز میں آگے بڑھایا. غیرملکی نشریاتی ادارے کے مطابق چین نے ردعمل میں کہا ہے کہ فائیو آئیز ممالک کی طرف سے الزامات حقیقی خدشات نہیں ہیں بلکہ سیاسی مفادات کا ایک دانستہ اور موقع پرستانہ عمل ہے جو کہ امریکہ کے ذریعے چلایا جاتا ہے جس کا مقصد سفارتی اور سیاسی فائدے کے لیے چین کو بدنام کرنا ہے.

چینی جریدے کا کہنا ہے کہ پابندیوں کا دائرہ کار محدود بے معنی ہے اس کا مقصد چین کو پیغام بھیجنے کی کوشش ہے یہ بنیادی طور پر ایک خوف پھیلانے والی مہم ہے جو دوسرے یہ ممالک اپنی ہی شہریوں ‘دوسرے ملکوں میں پھیلانے کے ساتھ ساتھ بیجنگ کو سیاسی اور سفارتی طور پر نقصان پہنچانے اور امریکہ کے اندرونی سیاسی مقاصد کو پورا کرنے کی ناکام کوشش ہے.

جریدے نے لکھا ہے کہ امریکی خارجہ پالیسی کے تحت واشنگٹن جان بوجھ کر” مناسب مواقع“ پر چین کے ساتھ کشیدگی کو بڑھانے اور کم کرنے کا انتخاب کرتا ہے یہی وجہ ہے کہ واشنگٹن سے آنے والے خیرسگالی پیغامات پربیجنگ بھروسہ نہیں کر سکتا امریکہ اپنے اہداف یا پالیسیوں کو تبدیل نہیں کرتا بلکہ وہ موقع پرستوں کی طرح دوسروں کو”مناسب وقت“کے انتظار میں مصروف رکھتا ہے.

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ایک” خاص رپورٹ“ یا پیش رفت کو ایک مخصوص بیانیہ بنانے کے لیے ذرائع ابلاغ پر لیک کیا جاتا ہے اور اگلے مرحلہ میں اس پر ردعمل دیا جاتا ہے انہوں نے کہا کہ امریکا کی سابق ٹرمپ انتظامیہ نے بیجنگ کے ساتھ "تجارتی معاہدے" کو محفوظ بنانے کے لیے ہانگ کانگ کے بحران کے درمیان 2019 میں براہ راست چین کے ساتھ تناﺅ کو کم کیا.