رفح پر حملہ اسرائیل کی بڑی جارحانہ کاروائی ہوگی‘فوری جنگ بندی کی جائے.فرانس، مصر اور اردن کے سربراہان مملکت کا مشترکہ بیان

غزہ میں جاری جنگ انسانوں کے لیے بڑی تباہی اور مصائب کا ذریعہ ہے اسے فوری طور پر بند ہونا چاہیے‘ انسانی بنیادوں پر خوراک اور امداد کی ترسیل میں اضافہ کیا جائے اور رکاوٹیں دور کی جائیں. فرانس کے صدر عمانویل میکرون، مصری صدر عبدالفتاح السیسی اور اردن کے شاہ عبداللہ کے دستخطوں سے جاری مشترکہ بیان

Mian Nadeem میاں محمد ندیم منگل 9 اپریل 2024 13:35

رفح پر حملہ اسرائیل کی بڑی جارحانہ کاروائی ہوگی‘فوری جنگ بندی کی جائے.فرانس، ..
پیرس(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔09 اپریل۔2024 ) فرانس، مصر اور اردن کے سربراہان نے رفح پر اسرائیل کے امکانی حملے کے حوالے سے خبردار کیا ہے کہ یہ اسرائیل کی ایک بڑی جارحانہ کارروائی ہوگی اس سے گریز کیا جائے اور فوری طور پر غزہ میں جاری جنگ کو بند کیا جائے. تینوں ملکوں کے سربراہان کا مشترکہ بیان دنیا کے کئی بڑے جرائد میں شائع ہوا ہے جس پر فرانس کے صدر عمانویل میکرون، مصری صدر عبدالفتاح السیسی اور اردن کے شاہ عبداللہ تینوں کے دستخط ہیں بیان میںخبردار کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ رفح پر اسرائیلی حملے کے بہت گہرے اور سنگین اثرات ہوں گے جہاں پر 15 لاکھ سے زائد انسان رہ بس رہے ہیں اور ان کی حیثیت بے گھر پناہ گزینوں کی سی ہے.

(جاری ہے)

مشترکہ بیان میں کہا گیا ہے کہ اگر اسرائیل نے اس علاقے پر کوئی حملہ کیا تو اس کا مطلب صرف انسانی تباہی اور مشکلات میں اضافہ کرنا ہوگا نیز اس کے نتیجے میں خطے میں کشیدگی بڑھے گی اور عدم استحکام کا خطرہ ہوگا اس سے پہلے امریکہ بھی رفح پر ایسے کسی اندھا دھند حملے کی مخالفت کر چکا ہے جبکہ اسرائیلی نیتن یاہو اب اس حملے کی تاریخ کے تعین کا بھی بتا رہے ہیں کہ ان کا ملک باقاعدہ حملے کے لیے تاریخ مقرر کر چکا ہے.

فرانس، مصر اور اردن کے سربراہان نے اپنے مشترکہ بیان میں اس امر پر بھی زور دیا ہے کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں فوری طور پر ایک ایسی قرارداد پیش کی جائے جو فوری جنگ بندی کے مطالبے پر مبنی ہو اور جسے بغیر کسی التوا کے فوری طور پر بروئے کار لائیں تینوں ممالک کے سربراہان نے اسرائیلی یرغمالیوں کی فوری رہائی کا بھی مطالبہ کیا ہے جو سات اکتوبر سے مسلسل حماس کی قید میں ہیںمشترکہ اعلامیے کے متن میں تینوں راہنماﺅں کی جانب سے کہا گیا ہے کہ غزہ میں جاری جنگ انسانوں کے لیے بڑی تباہی اور مصائب کا ذریعہ ہے اسے فوری طور پر بند ہونا چاہیے بیان میں یہ مطالبہ بھی کیا گیا ہے کہ غزہ میں انسانی بنیادوں پر خوراک اور امداد کی ترسیل میں اضافہ کیا جائے اور رکاوٹیں دور کی جائیں.