ضلع فیصل آباد میں انسداد ڈینگی اقدامات عید الفطرکی تعطیلات میں بھی جاری رہیں گے، ڈپٹی کمشنر

منگل 9 اپریل 2024 18:19

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 اپریل2024ء) ضلع میں انسداد ڈینگی اقدامات عید الفطرکی تعطیلات میں بھی جاری رہیں گے کیونکہ ڈینگی سیزن شروع اور آئندہ ایام میں ممکنہ بارشوں کے باعث ڈینگی لاروا کی افزائش کے خطرات موجود ہیں لہذا اینٹی ڈینگی سرویلنس پر مامور اہلکارفیلڈ میں موجود رہ کر لاروا کی افزائش گاہوں کی کیمیکل ٹریٹمنٹ کرکے ان کو ختم کریں۔

یہ بات ڈپٹی کمشنرعبداللہ نیئر شیخ نے ڈسٹرکٹ ایمرجنسی رسپانس کمیٹی برائے انسداد ڈینگی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ہیڈ کوارٹرز کاشف رضا اعوان،سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر اسفندیار،ڈی ایچ او عظمت عباس،ضلعی محکموں کے سربراہان اور دیگر افسران موجود تھے۔ڈپٹی کمشنر نے واضح طور پر کہا کہ انسداد ڈینگی سرویلنس پر مامور ٹیمیں مشتبہ مقام پر ذمہ دارانہ اور تسلی بخش چیکنگ کریں اور تمام ترسرگرمیاں حقیقی ہونی چاہئیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ زیرالتواء شکایات ترجیحی بنیادوں پر نمٹاکر رپورٹ کریں اس سلسلے میں اسسٹنٹ کمشنرز اپنی سطح پر کردار ادا کریں۔انہوں نے کہا کہ انسدادی اقدامات میں معمولی سی بھی لاپروائی برداشت نہیں کی جائے گی اور مطلوبہ نتائج حاصل نہ ہونے پر متعلقہ محکمہ جوابدہ ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ اسسٹنٹ کمشنرز ہفتہ میں دو بار تحصیل ایمرجنسی کی میٹنگ منعقد کرکے ڈینگی لاروا کے صفایا کی پیشرفت کو خود چیک کریں جبکہ آئندہ ضلعی اجلاس میں تمام محکموں کی پراگریس کو بھی مانیٹر کیا جائے گا۔

ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ اعلی حکام ڈینگی کے خلاف انسدادی سرگرمیوں کی باریک بینی سے مانیٹرنگ کررہے ہیں لہذا فیلڈ میں آنکھیں کھلی رکھیں۔اجلاس کے دوران ڈسٹرکٹ پروگرام کوآرڈینیٹر ڈاکٹر عظیم ارشد نے ان ڈور اور آؤٹ ڈور سرویلنس،اینڈرائڈ موبائل یوزر کی کارکردگی اور انسدادی اقدامات پر بریفنگ دی۔

متعلقہ عنوان :