Live Updates

وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کا پاکستان کے یوم دستور کے موقع پر پیغام

منگل 9 اپریل 2024 22:47

وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کا پاکستان کے یوم دستور کے موقع پر پیغام
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 اپریل2024ء) وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے پاکستان کے یوم دستور (10اپریل) کے موقع پر پیغام میں کہا ہے کہ یوم دستور منانے کا مقصد آئین کے بانیوں کو خراج عقیدت پیش کرنا ہے ۔وزیراعلی مریم نواز شریف نے کہا کہ یوم دستور اس عہد کی تجدید کا دن ہے کہ آئین کی بالا دستی کوہمیشہ برقرار کھا جائے گا۔

1973ء کا متفقہ آئین پارلیمانی تاریخ کا ایک بڑااہم اور تاریخی واقعہ ہے۔نصف صدی قبل عوام کی منتخب کردہ جمہوری قیادت نے قوم کو ایک متفقہ آئین کا تحفہ دیا۔انہوں نے کہا کہ آئین کے بانیوں کے عزم اور استقلال کی بدولت قوم کو ایک جمہوری و پارلیمانی آئین ملا۔ آئین پاکستان جمہوریت، مساوات، رواداری اور شخصی آزادی کی ضمانت ہے۔

(جاری ہے)

وزیراعلی مریم نواز شریف نے کہا کہ 1973ء کے آئین نے وفاقی اورصوبائی خود مختاری کو بھی نئی جہتوں سے ہمکنار کیا۔

1973ء کا متفقہ آئین اسلامی معاشرے کے قیام اور بنیادی انسانی حقوق کا بھی علمبردار ہے۔ آئین مختلف مذاہب کے ماننے والوں کے باہمی احترام اور آزادی، سماجی انصاف اور مساوات کا تحفظ فراہم کرتا ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب دستور پاکستان کو مدنظر رکھتے ہوئے عوام کے حقوق کے تحفظ اورخدمت کے عزم کا ازسرنواعادہ کرتی ہے۔
Live مریم نواز سے متعلق تازہ ترین معلومات