عوام کی جان و مال کی حفاظت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا ، اسسٹنٹ کمشنر ڈھاڈر

منگل 9 اپریل 2024 23:20

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 اپریل2024ء) ڈپٹی کمشنر کچھی کیپٹن ریٹائر جمیل احمد بلوچ کے احکامات پر اسسٹنٹ کمشنر کیپٹن (ر) حمزہ انجم کی ہدایات کی روشنی میں عید الفطر کی آمد کے موقع پر علاقے میں امن و امان کی صورتحال کو برقرار رکھنے کیلئے سخت اقدامات اٹھائے گئے ہیں جس کے تحت ایس ایچ او لیویز تھانہ حاجی شہر لیاقت علی جتوئی رسالدار کی سربراہی میں بھاری نفری کے ہمراہ کیو آر ایف انچارج محمد ندیم محمد نواز نے داخلی و خارجی راستوں اور مختلف اندرونی علاقے اور نیشنل ہائی ویز روڑ پر سرپرائز ناکہ بندی اور اسنیپ چیکنگ کا سلسلہ جاری رکھا ہوا ہے ۔

(جاری ہے)

اسسٹنٹ کمشنر ڈھاڈر نے کہا ہے کہ تمام لیویز فورس کے آفیسران و اہلکاران امن و امان کی بحالی کیلئے ہمہ وقت چاک و چوبند و الرٹ رہ کر اپنی تمام تر توانائیاں صرف کریں ، اپنے اپنے متعلقہ ناکہ جات و چیک پوسٹس پر اپنی حاضری کو یقینی بنائیں ۔ انہوں نے کہا کہ عوام کی جان و مال کی حفاظت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا ۔ انہوں نے عوام سے بھی اپیل کی ہے کہ وہ تحصیل میں امن و امان کو قائم رکھنے کے لئے جرائم پیشہ عناصر کی نشاندہی کریں تاکہ ان کو گرفتار کرکے امن کی فضا کو برقرار رکھا جائے۔