پولیس ، رینجرز، ٹریفک پولیس سمیت خدمات فراہم کرنے والے اداروں کے اہلکاروں نے دوران ڈیوٹی عید کا دن گزارا

بدھ 10 اپریل 2024 20:20

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 اپریل2024ء) پولیس ، رینجرز، ٹریفک پولیس سمیت خدمات فراہم کرنے والے اداروں کے اہلکاروں نے فرائض کی انجام دہی کے دوران عید کا دن گزارا۔ عید الفطر کے موقع پر تمام خدمات فراہم کرنے والے اداروں بالخصوص سکیورٹی فورسز، قانون نافذ کرنے والے اداروں، ہسپتالوں کے میڈیکل، پیرا میڈیکل اور نان میڈیکل عملے اوردیگر اداروں کے عملہ نے عید کا دن اپنے اپنے متعلقہ فیلڈز اور دفاتر میں گزارا۔

(جاری ہے)

وفاقی ترقیاتی ادارہ (سی ڈی اے )اور ایم سی آئی کا شعبہ سینی ٹیشن ، انوائرمنٹ، فائر برگیڈ، ریسکیو 1122 اور دیگر شعبوں کا ضروری عملہ بھی ڈ یوٹی پر مامورتھا تاکہ شہر کی صفائی و دیگر انتظامات کو بھی یقینی بنایا جا سکے۔ سکیورٹی اداروں نے سکیورٹی پلان کے تحت عید گاہوں، پارکس اور اہم مقامات، اہم عمارتوں، داخلی و خارجی راستوںکی سکیورٹی کو یقینی بنایا جبکہ دیگر اداروں کے عملہ نے بھی اپنی متعلقہ شعبہ کی خدمات سرانجام دیں یہ سلسلہ عید تعطیلات کے دوران بھی جای رہے گا۔وفاقی پولیس کے جوانوں اور افسران نے نماز عید پولیس لائن ہیڈ کوارٹرز میں ادا کی۔