میجرسعد شیخ شہید کے قاتلوں کی گرفتاری پر آئی جی سندھ کا کراچی پولیس کو خراج تحسین

بدھ 10 اپریل 2024 22:10

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 اپریل2024ء) انسپکٹرجنرل سندھ پولیس غلام نبی میمن نے گزشتہ دنوں ڈکیتی کی واردات کے دوران مزاحمت پر شہید ہونے والے میجر سعد شیخ کے قاتلوں کی گرفتاری پر ایڈیشنل انسپکٹر جنرل کراچی پولیس، ڈپٹی انسپکٹر جنرل سائوتھ، ایس ایس پی کیماڑی، سٹی اور ان کی پوری ٹیم کو خراج تحسین پیش کیا ہے ،اس سلسلہ میں سینٹرل پولیس کراچی میں منعقدہ ایک سادہ سے تقریب میں تعریفی اسناد،ایک بنیادی تنخواہ اور سی سی I سے نوازا گیا۔

بدھ کے روز آئی جی سندھ نے پولیس ٹیم سے ملاقات کی اور کریمنلز گینگ کے خلاف بہترین اور دلیرانہ کارروائی کا مظاہرہ کرنے پر انہیں تعریفی اسناد اور بنیادی تنخواہ بطور ریوارڈ تقسیم کیں۔ آئی جی سندھ نے اس موقع پر کہا کہ مذکورہ کارروائی سے سندھ پولیس کے افسران اور جوانوں کے حوصلے نہ صرف بلند ہوئے بلکہ یہ بھی ثابت ہوا کہ سندھ پولیس تجربہ، محنت، صلاحیت اور مہارت میں کسی سے پیچھے نہیں تاہم ضرورت اس امر کی ہے کہ اس اسلسلے کو برقرار رکھا جائے بلکہ اسے آگے لے کر چلا جائے اور صوبہ بالخصوص کراچی کا امن خراب کرنے والے عناصر کے خلاف انتہائی سخت اور موئثر اقدامات ہر سطح پر یقینی بنائے جائیں۔

(جاری ہے)

آئی جی سندھ کا کہنا تھا کہ میجرسعدشیخ شہید کے قاتلوں کی گرفتاری اور تفتیش سے مزید ایسے گروہوں کا پتہ لگائیں جو کراچی میں سنگین جرائم میں ملوث اور مرتکب ہیں۔جرائم کے خلاف کیسز کے اندراج کو یقینی بنائیں اور کیسز درج ہونے کے بعد اپنی پوری طاقت اور صلاحیت کے ساتھ اس کو حل کرنے کی حتی الامکان کاوشیں کرتے ہوئے عوام میں عدم تحفظ کی فضا کو ختم کرنے میں اپنے انفرادی اور اجتماعی کردار کو یقینی بنائیں۔

گذشتہ دنوں تھانہ سائٹ بی کی حدود میں اسٹریٹ کریمنلز نے ڈکیتی مزاحمت پر میجر سعد شیخ کو زخمی کیا جو بعدازاں دوران علاج زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے شہید ہوگئے تھے وقوعہ کا مقدمہ نمبر75/2024 بجرم دفعہ 393/394/34 تھانہ سائٹ بی میں درج کرتے ہوئے باقاعدہ تفتیش کا آغاز کیا گیا۔ ایس ایس پی کیماڑی نے کیس میں ملوث ملزمان کی گرفتاری کے لیئے اپنی ٹیم کے ہمراہ تفتیش کا آغاز کیا اور چھاپہ مار کاروائیوں اور سنیپ چیکنگ کے دوران ہونیوالے پولیس مقابلے کے نتیجے میں مذکورہ کیس میں ملوث ایک اسٹریٹ کریمنلز ہلاک جبکہ دوسرے کو گرفتار کیا۔

دوران تفتیش گرفتار ملزم نے اپنے ہلاک ساتھی کے ساتھ میجر سعد شیخ قتل کے جرم کا اعتراف کیا۔ پولیس ٹیم گرفتار ملزم سے تفتیش کررہی ہے مزید انکشافات متوقع ہیں۔