نوجوان نسل کو منشیات کی لعنت سے دور رکھنےکیلئے ہر ممکن اقدامات کرنا ہوں گے،صوبائی وزیر شرجیل میمن

جمعہ 12 اپریل 2024 11:10

حیدرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 اپریل2024ء) صوبائی وزیر اطلاعات، ٹرانسپورٹ وماس ٹرانزٹ اور ایکسائزو ٹیکسیشن شرجیل انعام میمن نے کہا کہ ہمیں اپنی نوجوان نسل کو منشیات کی لعنت سے دور رکھنے اور منشیات کی سرکوبی کیلئے ہر ممکن اقدامات کرنا ہوں گے۔ وہ منشیات کی روک تھام کے سلسلے میں اعلیٰ سطح کے اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔

انہوں نے کہا کہ تعلیمی اداروں میں آئس و دیگر منشیات کا بڑھتا ہوا رجحان تشویش ناک ہے، انہوں نے سیکرٹری ایکسائز اور ڈی آئی جی حیدرآباد طارق دھاریجو کو ہدایت کی کہ وہ منشیات فروشوں کے خلاف مشترکہ کاروائیاں کریں اور ان کارروائیوں سے متعلق سیکرٹری انفارمیشن سندھ کو بھی آگاہ کریں تاکہ میڈیا پر ان کی تشہیر کرکے منشیات فروشوں کی حوصلہ شکنی کی جا سکے۔

(جاری ہے)

انہوں نے سیکرٹری انفارميشن کو ہدایت کی کہ وہ چند روز میں منشیات کے خلاف اشتہار بھی شا ئع کر ائیں جس میں منشیات کی اسمگلنگ سے متعلق اطلاع دینے کیلئے ہیلپ لائن نمبر بھی ہو، انہوں نے پولیس افسران پر زور دیا کہ منشیات کے جرم میں پکڑے جانے والے افراد سے اچھی طرح تفتیش کی جائے تاکہ نہ صرف منشیات کے بڑے اسمگلرز کو پکڑنے میں مدد ملے بلکہ منشیات کی سپلائی چین کو بھی توڑا جا سکے۔

انہوں نے متعلقہ افسران پر زور دیا کہ انہیں اس ضمن میں چند روز میں صورتحال میں بہتری نظر آنی چاہیے کیوں کہ یہ ہمارے بچوں کے مستقبل کا سوال ہے۔ انہوں نے سیکرٹری ایکسا ئز کو ہدایت کی کہ وہ منشیات فروشوں کے خلاف موثر کارروائیاں کرنے کیلئے اچھی شہرت کے حامل افسران پر مشتمل ایک ٹاسک فورس تشکیل دیں، صوبائی وزیر نے متعلقہ افسران کو واٹس ایپ گروپ بنا کر اپنی روز مرہ کی کارکردگی اور معلومات شیئرکرنے کی ہدایت کی۔

اجلاس میں ڈی آئی جی حیدرآباد طارق دھاریجو نے منشیات فروشوں کے خلاف کاروائیوں سے متعلق بھی اجلاس کو آگاہ کیا، اس موقع پر سیکرٹری اطلاعات ندیم الرحمان میمن، سیکرٹری ایکسائز ٹیکسیشن سلیم احمد راجپوت، ڈی جی نارکوٹکس وحید شیخ، ڈی آئی جی حیدرآباد طارق دھاریجو، ڈپٹی کمشنر حیدرآبادطارق قریشی، ایس ایس پی حیدرآباد امجد شیخ ودیگر متعلقہ افسران بھی موجودتھے ۔