جرمنی میں تین نوجوان دہشت گردانہ حملے کی منصوبہ بندی کے الزام پر گرفتار

DW ڈی ڈبلیو جمعہ 12 اپریل 2024 14:40

جرمنی میں تین نوجوان دہشت گردانہ حملے کی منصوبہ بندی کے الزام پر گرفتار

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ ۔ DW اردو۔ 12 اپریل 2024ء) استغاثہ کے مطابق جرمنی کے صوبے نارتھ رائن ویسٹ فیلیا سے تعلق رکھنے والے، جن تین ٹین ایجرز کو ڈوسلڈوف سے حراست میں لیا گیا، وہ ''اسلامی شدت پسندی سے جڑے دہشت گردانہ حملے کی منصوبہ بندی میں مصروف تھے اور ایسے حملوں کے لیے مکمل طور پر پرعزم بھی تھے۔‘‘

پوٹن نے حملے کے انتباہات کو نظر انداز کیا، جرمن دفاعی ماہر

جرمنی: حماس کے حملوں کے بعد مسلمانوں کی زندگی مزید مشکل ہو گئی

تفتیش کاروں نے یہ تفصیلات ظاہر نہیں کی ہیں کہ ان تینوں نوجوانوں کا منصوبہ کیا تھا۔

بتایا گیا ہے کہ اس سلسلے میں مزید تفتیش جاری ہے تاہم جرمن اخبار بلڈ کے مطابق یہ نوجوان ایک پیٹرول بم حملے کے ساتھ ساتھ چاقو سے حملے کی منصوبہ بندی میں مصروف تھے جبکہ ان کا نشانہ ممکنہ طور پر مسیحی اور پولیس اہلکار ہو سکتے تھے۔

(جاری ہے)

اخباری رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ زیرحراست یہ نوجوان آتشیں اسلحے کی حصول کے امکانات کا جائزہ بھی لے رہے تھے۔

واضح رہے کہ سات اکتوبر کو اسرائیل پر حماس کے دہشت گردانہ حملے کے بعد سے جرمنی میں سکیورٹی انتہائی الرٹ کے درجے پر ہے۔ جرمنی میں داخلی سلامتی کے محکمے کے سربراہ نے خبردار کیا تھا کہ دہشت گردانہ حملوں کے خطرات حقیقی اور بلند ہیں۔

جرمن پولیس نے رواں برس جنوری میں کولون شہر کے مشہور زمانہ کیتھیڈرل پر حملے کی منصوبہ بندی کے الزام پر تین افراد کو حراست میں لیا تھا۔

رواں برس مارچ میں بھی جرمنی میں دو افغان شہریوں کو دہشت گرد تنظیم 'اسلامک اسٹیٹ‘ کے نظریات سے متاثر ہو کر سویڈن کی پارلیمان پر دہشت گردانہ حملوں کی منصوبہ بندی کے الزام پر گرفتار کیا گیا تھا۔ یہ افراد سویڈن میں قرآن نذر آتش کرنے کے واقعات کے ردعمل میں دہشت گردانہ حملوں کی منصوبہ بندی کر رہے تھے۔ گزشتہ برس اکتوبر میں دو شامی بھائیوں کو بھی سویڈن میں ایک چرچ پر دہشت گردانہ حملے کی منصوبہ بندی کے الزام پر حراست میں لیا گیا تھا۔

ع ت، ش ر (اے ایف پی، ڈی پی اے)