پشاور،ڈائریکٹر جنرل اطلاعات و تعلقات عامہ محمد عمران کو گریڈ 20 میں ترقی دے دی گئی

جمعہ 12 اپریل 2024 20:15

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 اپریل2024ء) صوبائی سلیکشن بورڈ (پی ایس بی) کی سفارشات پر مجاز اتھارٹی نے ڈائریکٹر جنرل انفارمیشن اینڈ پبلک ریلیشنز محمد عمران کو مستقل بنیادوں پر گریڈ 19 سے گریڈ 20 میں فلفور ترقی دینے کی منظوری دے دی ہے۔ محمد عمران پچھلے ایک سال سے ڈائریکٹر جنرل اطلاعات و تعلقات عامہ خیبرپختونخوا کے عہدے پر کام کررہے ہیں۔

محمد عمران کا شاندار کیریئر تین دہائیوں سے زائد عرصے پر محیط ہے، جس کے دوران انہوں نے مختلف اہم عہدوں میں خدمات انجام دیں، نظامت اطلاعات و تعلقات عامہ خیبرپختونخوا کو وقت کے بدلتے رجحانات کے ساتھ ہم آہنگ کرنے میں ان کا ہمیشہ سے اہم کردار رہا، ریڈیو کی دنیا میں ایف ایم ٹیکنالوجی سے صوبے میں پبلک سیکٹر میں 'پختونخوا ریڈیو' کے پلیٹ فارم سے کمیونٹی براڈکاسٹنگ کی شروعات ہوں، انٹرنیٹ اور ویب میڈیا کا آغاز ہو یا پھر نیو میڈیا میں سوشل میڈیا کے ذریعے سیٹیزن جرنلزم جیسے رجحانات ہوں محمد عمران نے بطور آفیسر ہمیشہ کلیدی اور قائدانہ کردار ادا کیا۔

(جاری ہے)

بطور ڈائریکٹر جنرل اپنی تقرری اور اب مستقل بنیادوں پر گریڈ 20 میں ترقی کو انہوں نے خوش آئند قرار دیا ہے۔انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ ٓارٹیفشل انٹیلی جنس سے استفادہ کرتے ہوئے نظامت اطلاعات و تعلقات عامہ خیبرپختونخوا کو ایک نئے طرز پر ڈھالا جائے تاکہ بروقت اور صحیح معلومات عوام تک پہنچائی جاسکیں اور عوام، میڈیا اور حکومت کے درمیان روابط کو مزید مستحکم کیا جاسکے۔یاد رہے کہ ڈی جی اطلاعات و تعلقات عامہ خیبرپختونخوا محمد عمران کی گریڈ 20 میں ترقی کا نوٹیفیکیشن 9 اپریل 2024 کو جاری ہوا ہے۔