پاکستان بزنس فورم کی چیئرمین سینیٹ منتخب ہونے پر یوسف رضا گیلانی کو مبارکباد، غیر متزلزل حمایت کی پیشکش

جمعہ 12 اپریل 2024 21:00

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 اپریل2024ء) پاکستان بزنس فورم (پی بی ایف) نے سید یوسف رضا گیلانی کو چیئرمین سینیٹ منتخب ہونے پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ ان کی قیادت میں کاروباری بردری کو ایوان بالاکی طرف سے سہولتی کردار متوقع ہے۔ پی بی ایف کے صدر خواجہ محبوب الرحمن، پی بی ایف کے نائب صدر چوہدری احمد جواد، جہان آرا وٹو اور پی بی ایف کے صوبائی چیئرمین عاطف اکرام شیخ، محمد نصیر ملک، انجینئر دارو خان اچکزئی، ملک طلعت سہیل، شفقت پراچہ سمیت شبنم ظفر نے بھی سید یوسف رضا گیلانی کو چیئرمین سینیٹ منتخب ہونے پر مبارکباد دی ۔

صدر پی بی ایف نے کہا کہ سید یوسف رضا گیلانی کا زندگی کے مختلف شعبوں میں خدمات اور کامیابیوں کا شاندار ریکارڈ رہاہے۔

(جاری ہے)

آپ نے جمہوریت، تنوع اور ترقی کے تئیں اپنی وابستگی کا مظاہرہ کیا ہے۔ آپ نے وزیر اعظم کی حیثیت سے خدمات انجام دیتے ہوئے اپنے ملک اور عالمی برادری کو متاثر کرنے والے مسائل کا سامنا کرنے میں اپنی بصیرت، دانشمندی اور ہمت کا مظاہرہ کیا ہے۔

پی بی ایف کے صدر نے کہا کہ کاروباری برادری نے سماجی و اقتصادی چیلنجز سے نمٹنے کے لئے سینیٹ آف پاکستان کے ساتھ غیر متزلزل حمایت اور تعاون کا یقین دلایا ۔ ہم سمجھتے ہیں کہ ملک کی مجموعی ترقی اور خوشحالی کے لئے ایک پھلتا پھولتا کاروباری ماحول ضروری ہے۔ جب آپ اس اہم سفر کا آغاز کر رہے ہیں تو پی بی ایف سینیٹ کی قائمہ کمیٹیوں برائے تجارت و صنعت کو اپنی غیر متزلزل حمایت کی پیش کش کرتا ہے اور امید کرتا ہے کہ مشترکہ کوششیں ایک خوشحال اور ترقی پسند پاکستان کی راہ ہموار کریں گی۔