فساد، انتشار اور9 مئی کی سوچ کی آگ کو''سیاسی شعور'' کہنا بے شرمی کی انتہا ہے، معیشت کی بہتری اور مہنگائی میں کمی کے اثرات آتے ہی ملک کو ڈیفالٹ کے کنارے پہنچانے والے پھر متحرک ہو گئے ہیں، سینیٹر طلال چوہدری

جمعہ 12 اپریل 2024 23:10

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 اپریل2024ء) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سینیٹر طلال چوہدری نے کہا ہے کہ گروہ فسادیہ کو بلوچستان جا کر بھی شہدائے وطن کے ساتھ یک جہتی اور دہشت گردوں کی مذمت کا حوصلہ نہیں، بلوچستان میں بیٹھ کر غیر ملکی سرمایہ کاری کے خلاف بات کرنا سازشی بیانیے کا تسلسل ہے، فساد، انتشار اور 9 مئی کی سوچ کی آگ کو''سیاسی شعور'' کہنا بے شرمی کی انتہا ہے، معیشت کی بہتری اور مہنگائی میں کمی کے اثرات آتے ہی ملک کو ڈیفالٹ کے کنارے پہنچانے والے پھر متحرک ہو گئے ہیں۔

اپوزیشن لیڈر عمر ایوب کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے سینیٹر طلال چوہدری نے کہا کہ گروہ فسادیہ کو بلوچستان جا کر بھی شہدائے وطن کے ساتھ یک جہتی اور دہشت گردوں کی مذمت کا حوصلہ نہیں ہوا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں بیٹھ کر غیر ملکی سرمایہ کاری کے خلاف بات کرنا سازشی بیانیے کا تسلسل ہے۔ سینیٹر طلال چوہدری نے کہا کہ خانہ کعبہ کے عکس والی گھڑی کروڑوں روپے میں فروخت کرنا آپ کا''منصوبہ'' تھا یہ بات اب قوم جان چکی ہے۔

انہوں نے کہا کہ امدادی سامان پر علی امین اور ایک ٹک ٹاکر کی تصویر چھاپ کر 9 مئی کے فسادی لشکر نے ایک اور یوٹرن لیا ہے۔ طلال چوہدری نے کہا کہ ججوں کے خلاف ریفرنس بنانے اور ان کی نوکریاں ختم کرانے والے آج عدلیہ کی آزادی پر اپنی سیاسی دکانداری کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ فساد، انتشار اور 9 مئی کی سوچ کی آگ کو''سیاسی شعور'' کہنا بے شرمی کی انتہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ معیشت کی بہتری اور مہنگائی میں کمی کے اثرات آتے ہی ملک کو ڈیفالٹ کے کنارے پہنچانے والے پھر متحرک ہو گئے ہیں۔