لله* ایرانی فورسز نے آبنائے ہرمز میں ایک اسرائیلی جہاز پر قبضہ کرلیا، عملہ یرغمال ، ایران کی جانب روانہ

اسرائیل پر ممکنہ ایرانی حملے کے پیش نظر ہائی الرٹ کردیاگیاہے ، خطے کی تیزی سے بدلتی صورتحال کو بڑے غور سے دیکھ رہے ہیں ، وائٹ ہائوس

ہفتہ 13 اپریل 2024 18:50

5 تہران، واشنگٹن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 13 اپریل2024ء) ایرانی فورسز نے آبنائے ہرمز میں ایک اسرائیلی کمپنی کے پرتگالی جہاز پر قبضہ کرلیا ،قبضے میں لیے گئے جہاز کارخ ایران کی جانب کردیاگیا ،وائٹ ہائوس نے کہا ہے کہ اسرائیل پر ممکنہ ایرانی حملے کے پیش نظر ہائی الرٹ کردیاگیاہے ، خطے کی تیزی سے بدلتی صورتحال کو بڑے غور سے دیکھ رہے ہیں ۔

غیر ملکی خبررساں ادارے کے مطابق ایران کی فورسز نے آبنائے ہرمز میں ایک اسرائیلی کمپنی کے پرتگالی جہاز پر قبضہ کرلیاہے اور اس کے عملے کو بھی یرغمال بنا کر ایران کی جانب روانہ کردیاگیا ہے قبضے میں لیے گئے جہاز پر فلپائن کا 20 رکنی عملہ بھی موجود ہے۔ قبضے میں لیے گئے جہاز کا رخ فی الحال ایران کی طرف ہے۔دوسری جانب ترجمان وائٹ ہاؤس کا کہنا ہے کہ اسرائیل پرممکنہ ایرانی حملے کا حقیقی خطرہ ہے، امریکا خطے کی صورتحال کو بہت قریب سے دیکھ رہا ہے۔

(جاری ہے)

امریکی صدر جوبائیڈن نے ایران کو اسرائیل پر حملہ نہ کرنے کی تنبیہ کی ہے، بائیڈن کا کہنا ہے کہ اسرائیل کے دفاع کیلئے پٴْرعزم ہیں۔ممکنہ ایرانی حملے کے پیش نظر امریکا نے اسرائیل میں اپنے سفارتکاروں پر سفری پابندیاں عائدکردی ہیں۔امریکی عہدیدار کے مطابق ایران اسرائیل میں فوجی اہداف کونشانہ بنا سکتاہے، ممکنہ ایرانی حملے میں 100سے زیادہ ڈرون استعمال ہوسکتے ہیں، جبکہ ایران درجنوں کروز میزائل یاشاید بیلسٹک میزائل بھی استعمال کرسکتا ہے۔