جمعیت علماء اسلام الیکشن میں ریکارڈ دھاندلی کیخلاف موثر احتجاجی تحریک شروع کررہی ہے ،جلسہ پشین میں ہوگا،سینیٹر مولانا عبدالواسع

اتوار 14 اپریل 2024 17:50

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 اپریل2024ء) جمعیت علماء اسلام بلوچستان کے صوبائی امیر سینیٹر مولانا عبدالواسع نے کہا کہ جمعیت علماء اسلام الیکشن میں ریکارڈ دھاندلی کی خلاف موثر احتجاجی تحریک شروع کررہی ہے اس سلسلے میں پہلا جلسہ پشین میں رکھا گیا ہے جس میں قائد جمعیت خصوصی طور پر شرکت کریں گے۔ کارکن اپنے قائد کے حکم ہر لبیک کہتے ہوئے پورے جوش و خروش سے اس اجتماع میں اپنی شرکت یقینی بنائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ جلسے کے سلسلے میں تمام کمیٹیوں سے اپنی زمہ داری احسن طریقے سے انجام دہی تک پہنچانے کی اپیل کرتے ہیں ،دریں اثناء انہوں نے قلعہ عبداللہ میں ضلعی مجلس عمومی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ قلعہ عبداللہ جمعیت علماء اسلام کا گھڑھ ہے یہاں جمعیت علماء اسلام کی جڑیں مضبوط ہے اور آنے والے ریپول میں جمعیت علماء اسلام کی کامیابی یقینی ہے ضرورت اس بات کی ہے کہ کارکن اپنا ووٹ کاسٹ کریں تو جمعیت علماء اسلام بڑے مارجن سے جیتے گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ چونکہ قائد جمعیت نے حکم جاری کیا ہے کہ جماعت احتجاجی تحریک کی طرف جائے گا اس سلسلے میں صوبے بھر کے کارکنوں سے اپیل کی جاتی ہے کہ بیس اپریل کو پشین میں عوامی اسمبلی کے نام سے منعقدہ جلسے میں اپنی شرکت یقینی بنائی جائے تمام تر توانائی اس جلسے کی کامیابی پر صرف کیا جائے ہر سطح کے عہدیدار قائد جمعیت کا پیغام کارکنوں تک پہنچائے۔

انہوں نے کہاکہ ہم نے پچھلے الیکشن میں دھاندلی کے خلاف جس طرح پرامن احتجاج کیا ہے جس میں سولہ ملین مارچ اور اسلام آباد کی طرف لانگ مارچ ان تمام مرحلوں میں ایک گملہ نہیں ٹوٹا ،عین اسی طرح ہمارا حالیہ احتجاجی تحریک بھی پرامن ہوگا ،کسی بھی سطح پر امن پر سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا ،ہمارے کارکنوں کی اس سلسلے میں بہترین تربیت ہوئی ہے جو ملکی املاک کے محافظ بنے گے۔