پیرس کے نواحی شہر گارج لے گونس میں بیسیوں قومیتوں کے ہزاروں مسلمانوں کی اکٹھے نماز عید کی ادائیگی

سفیر پاکستان عاصم افتخار احمد نے ہزاروں مسلمانوں کے مجمع سے خطاب کیا اور عید کی مبارکباد دی

sahibzada atiq صاحبزادہ عتیق الر حمن اتوار 14 اپریل 2024 22:33

پیرس کے نواحی شہر گارج لے گونس  میں بیسیوں قومیتوں کے ہزاروں مسلمانوں ..
پیرس(اُردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔14اپریل۔2024ء) دنیا بھر کی طرح پیرس میں بھی عید الفطر مذہبی جوش و جذبے سے منائی گئی، فرانس بھر میں عید کے بڑے بڑے اجتماعات منعقد کیئے گئے۔ پیرس کے نواحی شہر گارج لے گونس کے اسٹیڈیم میں فرانس میں پاکستان کے سفیر عاصم افتخار احمد نے سفارت خانہ پاکستان کے اعلیٰ افسران کے ہمراہ عید کے اجتماع میں شرکت کی۔

فرانس کی معروف کاروباری و سیاسی شخصیات چئیرمین پاکستان بزنس فورم فرانس سردار ظہور اقبال، چیئرمین مسلم لیگ ن راجہ علی اصغر ، چئیرمین جموں کشمیر فورم فرانس نعیم چوہدری ، چیرمین جموں کشمیر فورم فرانس نعیم چوہدری ، صدر پاک سپورٹس گروپ فرانس چوہدری رُخسار خان مہدی، سینئر راہنما تحریک انصاف چوہدری ماجد چیمہ، چیرمین مسلم لیگ ن فرانس راجہ علی اصغر ، صدر جموں کشمیر ڈیموکریٹک فورم فرانس مرزا آصف جرال ، ثقلین بھٹی نے سفیر پاکستان کا استقبال کیا۔

(جاری ہے)

قریبی شہروں کے سینکڑوں پاکستانیوں اور مسلم کمیونٹی کے ہزاروں افراد نے گارج لے گونس کے اسٹیڈیم میں عید الفطر کی نماز ادا کی۔ سفیر پاکستان عاصم افتخار احمد نے عید کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مختلف رنگ و نسل کے ہزاروں لوگوں کا ایک جگہ اکٹھے عید منانا اسلام کے بھائی چارے کی روشن مثال ہے ، اسلام کے اجتماعیت کے پیغام مُنہ بولتا ثبوت ہے ، اور فرانس کی سرزمین پر بیسیوں قومیتوں کے مسلمانوں کا اکٹھ جمہوریہ فرانس کے نعرہ ، آزادی، مساوات، بھائی چارہ کا عملی نمونہ ہے۔

میری طرف سے آپ سب لوگوں کو عید کی ڈھیروں مبارکباد قبول ہو۔ گارج لے گونس کے مئیر موسیو بینؤا نے اپنے خطاب میں تمام مسلمانوں کو عید کی مبارکباد دی اور کہا کہ فرانس کے بینا الثقافتی معاشرے میں مسلمانوں کا ایک اہم اور مثبت کردار ہے اور ان کے مذہبی تہواروں اور ثقافتی سرگرمیوں کے لئے ہمارا ہر قسم کا تعاون دستیاب ہوگا۔ خطیب مسجد فلاح دارین عمر قریشی نے اپنے خطاب میں حقوق اللہ کے ساتھ ساتھ حقوق العباد کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔

انہوں نے کہا کہ جس طرح رمضان المبارک میں مسجدوں کی رونقوں میں اضافہ ہؤا، عید کے بعد بھی یہ معمول جاری رہنا چاہئے، جس طرح رمضان میں ہر مسلمان برائیوں سے دور بھاگتا ہے اور نیکیوں کی طرف راغب ہوتا ہے ، سال کے باقی مہینے بھی ایسا ہی کرنا چاہئے ، انہوں نے دنیا بھر کے مظلوم مسلمانوں خصوصاً فلسطین کے مسلمانوں پر ہونے والے ظلم کی سخت مذمت کی اور ان کے لئے دعا کی انہوں نے تمام حاضرین کو عید کی مبارکباد دی، نمازعید کے بعدتمام مسلمانوں نے ایک دوسرے سے عید ملی اور آپس میں گھل مل گئے۔

پاکستانیوں نے عید کی خوشی کے موقع پر تمام امت مسلمہ خصوصاََ پاکستانیوں کو مبارک باد دی- سفیر عاصم افتخار نے زندگی کے ہر شعبے سے تعلق رکھنے والے افراد سے ملاقات کی ۔ انہوں نے اس موقع پر میئر کی موجودگی کو سراہا اور عید کی مبارکباد کا تبادلہ کیا ۔ پیرس کے نواحی علاقوں کی پاکستانی مساجد میں ہزاروں پاکستانیوں نے نماز عیدالفطر ادا کی ، آئمہ مساجد نے پاکستان اور امت مسلمہ کی ترقی اور سربلندی کے لئے دعائیں کیں۔