فواد چوہدری کی9مئی کے 4مقدمات میں 20اپریل تک عبوری ضمانت منظور

جج ارشد جاوید نے درخواست ضمانت پر سماعت کی،عدالت نے آئندہ سماعت پر پولیس سے مقدمات کا ریکارڈ بھی طلب کرلیا

Faisal Alvi فیصل علوی پیر 15 اپریل 2024 12:01

فواد چوہدری کی9مئی کے 4مقدمات میں 20اپریل تک عبوری ضمانت منظور
لاہور(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔15 اپریل2024 ء) انسداد دہشتگردی عدالت نے فواد چوہدر ی کی 9مئی کے 4مقدمات میں 20اپریل تک ضمانت منظور کرلی، جج ارشد جاوید نے درخواست ضمانت پر سماعت کی،فواد چودھری اپنی اہلیہ حبا فواد کے ہمراہ لاہور کی انسداد دہشتگردی عدالت میں پیش ہوئے۔انسداد دہشتگردی عدالت میں فواد چودھری نے نو مئی کے چار مقدمات میں عبوری ضمانت کی درخواست دائر کی تھی۔

عدالت نے آئندہ سماعت پر پولیس سے مقدمات کا ریکارڈ بھی طلب کرلیا، فواد چودھری نے تھانہ ماڈل ٹاوٴن کے 2 تھانہ گلبرگ اور نصیر آباد کے ایک ایک مقدمے میں درخواست ضمانت دائر کی تھی۔یاد رہے کہ اس سے قبل سابق وفاقی وزیر فواد چودھری کے خلاف فراڈ کے مقدمہ کی سماعت بغیر کارروائی ملتوی کر دی گئی تھی۔

(جاری ہے)

ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد میں جوڈیشل مجسٹریٹ ڈاکٹر سہیل تھہیم نے فواد چودھری کے خلاف فراڈ کے مقدمے کی درخواست پر سماعت کی تھی۔

فواد چودھری کے وکیل قیصر امام عدالت پیش نہ ہوئے تھے۔دوران سماعت جونیئر وکیل نے فواد چودھری کی ایک روزہ حاضری سے استثنیٰ کی درخواست دائر کی تھی جسے عدالت نے منظور کر لیا تھا۔وکیل کی عدالت دستیابی کے باعث سابق وفاقی وزیر فواد چودھری کی بریت کی درخواست پر دلائل بھی نہ ہو سکے تھے۔بعدازاں عدالت نے بغیر کارروائی سماعت 11 جولائی تک کیلئے ملتوی کر دی گئی تھی۔

قبل ازیں اسلام آباد ہائی کورٹ نے بھی سابق وفاقی وزیر فواد چودھری کی نیب کیس میں ضمانت منظوری کا تحریری فیصلہ جاری کرتے ہوئے کہا تھا کہ پراسیکیوٹر نے تسلیم کیا کہ ملزم کے خلاف دو افراد کے بیانات کے علاوہ کوئی شواہد موجود نہیں ہیں۔اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس عامر فاروق اور جسٹس طارق محمود جہانگیری نے فیصلہ جاری کیاتھا۔