فیصل آباد میں حالیہ بارشوں کے باعث اینٹی ڈینگی سرویلنس کا عمل تیز

پیر 15 اپریل 2024 12:20

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 اپریل2024ء) فیصل آباد میں حالیہ بارشوں کے باعث اینٹی ڈینگی سرویلنس کا عمل تیز کردیا گیاہے تاکہ کسی بھی جگہ برساتی پانی جمع ہونے کے باعث ڈینگی لاروا پیدا نہ ہوسکے جبکہ سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر اسفندیار،ڈی ایچ او عظمت عباس، ڈسٹرکٹ پروگرام کوآرڈینیٹروڈی ڈی ایچ او ڈاکٹر عظیم ارشد اور دیگر افسران بھی صورتحال پر کڑی نظر رکھے ہوئے ہیں اور اینٹی ڈینگی ٹیموں کی جانب سے سرویلنس سمیت مختلف مقامات پر ڈینگی کی افزائش کی ممکنہ جگہوں کو چیک کیاجارہا ہے۔

محکمہ صحت فیصل آباد کے ترجمان نے بتایا کہ پیرکے روزسی ای او ہیلتھ ڈاکٹر اسفند یارنے اینٹامالوجسٹس کے ہمراہ شہرکے قبرستانوں،زیر تعمیر عمارتوں اور دیگر ہاٹ سپاٹس کو تفصیلی چیک کیا اورڈینگی لاروا کی افزائش گاہوں کو ختم کرایا۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ ان ڈور وآؤٹ ڈور سرویلنس کا عمل بلاتعطل جاری رہے گا۔دریں اثنا مذکورہ حکام نے محکمہ صحت کے متعلقہ افسران کومائیکروپلان کو ازسر نو اپ گریڈکرنے سمیت ضلعی وتحصیل ہسپتالوں میں علاج معالجہ کی سہولیات کو چوکس رکھنے کی تاکید کی اور کہا کہ افسران ہسپتالوں کے وزٹ کریں اور تمامتر انتظامی امور ہر لحاظ سے مکمل ہونے چاہئیں۔

انہوں نے فیلڈ سٹاف سے کہا کہ ایئرکنڈیشنرز کے فلٹرز چیک کریں جبکہ ادویات کی سو فیصد دستیابی وصفائی ستھرائی پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگانیزپیشنٹ بیڈز پربھی صاف ستھری چادریں نظر آنی چاہئیں۔انہوں نے کہا کہ ڈینگی سیزن شروع اور آئندہ ایام میں مزید بارشوں کے باعث ڈینگی لاروا کی افزائش کے خطرات موجود ہیں لہٰذا اینٹی ڈینگی سرویلنس پر مامور اہلکارفیلڈ میں موجود رہ کر لاروا کی افزائش گاہوں کی کیمیکل ٹریٹمنٹ کرکے ان کو ختم کریں جس میں کوئی کوتاہی برداشت نہیں کی جا ئے گی۔انہوں نے کہا کہ اعلیٰ حکام ڈینگی کے خلاف انسدادی سرگرمیوں کی باریک بینی سے مانیٹرنگ کررہے ہیں لہٰذا فیلڈ میں آنکھیں کھلی رکھنے کی ضرورت ہے جس میں غفلت کی کوئی گنجائش نہیں۔