زائد یونٹس کیس، ایکسین باغبانپورہ کا 4 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور

پیر 15 اپریل 2024 12:36

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 اپریل2024ء) شہریوں کو بجلی کے زائد یونٹس ڈالنے کے کیس میں گرفتار ایکسین واپڈا باغبانپورہ کو 4 روزہ جسمانی ریمانڈ پر ایف آئی اے کے حوالے کردیا گیا۔ضلع کچہری میں شہریوں کو بجلی کے زائد یونٹس ڈالنے کے مقدمہ کی سماعت ہوئی، جوڈیشل مجسٹریٹ رضوان احمد نے کیس کی سماعت کی، ایف آئی اے لاہور نے ملزم رب یار کو عدالت پیش کیا۔

(جاری ہے)

دوران سماعت ایف آئی اے کی جانب سے چودھری سجاد ایڈووکیٹ پیش ہوئے، ایف آئی اے نے ملزم کے 14 روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی۔عدالت نے ایف آئی اے کی استدعا مسترد کرتے ہوئے ملزم کا 4 روز کا جسمانی ریمانڈ منظور کرتے ہوئے تحریری حکم جاری کردیا۔جوڈیشل مجسٹریٹ رضوان احمد نے تحریری حکم میں کہا کہ سرکاری وکیل کے مطابق ملزم رب یار نے 2021 اور 2022 میں بجلی کے زائد یونٹس ڈالے، جو شہری 100یونٹس سے کم استعمال کرتے تھے ان کو بھی چھ چھ سو یونٹس ڈالے گئے۔تحریری حکم میں مزید کہا گیا ہے کہ ایف آئی اے نے ملزم سے تفتیش کے لیے 14روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی، عدالت ملزم کا 4 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کرتی ہے۔