وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق ساہیوال انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی و دیگر منصوبہ جات کی پیشرفت پر سست روی پر متعلقہ افسران پر برہم

ہمیں ساہیوال انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی ہر قیمت پر 30 اپریل تک مکمل چاہیے،ڈبل نہیں تین شفٹوں پر کام کروائیں‘وزیر صحت کی ہدایت

پیر 15 اپریل 2024 19:12

وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق ساہیوال انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی و دیگر ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 اپریل2024ء) صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق کی زیر صدارت محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن میں اہم اجلاس منعقد ہوا۔جس میںسپیشل سیکرٹری ڈویلپمنٹ سید واجد علی شاہ، ڈپٹی ڈائریکٹر بجٹ حماد الرب و دیگر افسران جبکہ وڈیو لنک کانفرنس کے ذریعے پرنسپل ساہیوال ٹیچنگ میڈیکل کالج پروفیسر ڈاکٹر محمد عمران حسن، ایم ایس وزیر آباد انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی، ایکسیئن بلڈنگز ساہیوال و دیگر افسران نے شرکت کی۔

صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے اجلاس کے دوران ساہیوال ٹیچنگ ہسپتال کے رحمت اللعالمین بلاک میں ساہیوال انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی، ڈی ایچ کیو کی ٹیچنگ ہسپتال میں منتقلی، وزیر آباد انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی میں سو سے دو سو بستروں پر اضافہ، ایک کیتھ لیب، گوجرانولہ ٹیچنگ ہسپتال کی ری ویمپنگ، نرسنگ سکولز، کالجز، ہوسٹلز اور نئے جنرل ہسپتال پر جاری پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیا۔

(جاری ہے)

سپیشل سیکرٹری ڈویلپمنٹ سید واجد علی شاہ، پرنسپل ساہیوال میڈیکل کالج اور سی اینڈ ڈبلیو کے افسران نے اس حوالہ سے بریفننگ دی۔صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق ساہیوال انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی و دیگر منصوبہ جات کی پیش رفت پر سست روی پر متعلقہ افسران پر برہم ہو گئے۔صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق گفتگو نے کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں ساہیوال انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی ہر قیمت پر 30 اپریل تک مکمل چاہیے۔

ہماری جانب سے ساہیوال انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی پر ڈبل نہیں تین شفٹوں پر کام کروائیں۔ جلد ساہیوال انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی پر جاری پیش رفت کا جائزہ لینے آئیں گے۔ تمام متعلقہ افسران فاسٹ ٹریک پر کام کریں۔ محکمہ صحت کی جانب سے ساہیوال انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی اور وزیر آباد انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی کے حوالہ سے فنڈز کی کوئی کمی نہیں ہے۔ ساہیوال انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی کے منصوبہ میں تاخیر پر تحقیقات کروائیں گے۔ انہوںنے کہا کہ ساہیوال، وزیر آباد اور گوجرانولہ میں جاری صحت کے منصوبوں کو مقررہ وقت پر مکمل کیا جائے۔