Live Updates

زیر اعلی پنجاب کی ہدایت پر منشیات کے خاتمے اور ڈرگ فری پنجاب کیلئے پولیس ان ایکشن

49 دنوں میں منشیات فروشوں کے ٹھکانوں پر 14 ہزار سے زائد چھاپے، 7047 مقدمات درج، 7500 ملزمان گرفتار

پیر 15 اپریل 2024 20:55

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 اپریل2024ء) وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر منشیات کے خاتمے اور ڈرگ فری پنجاب کیلئے صوبے کے تمام اضلاع میں پولیس ٹیموں کے ٹارگٹڈ آپریشنز جاری ہیں۔آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی زیر نگرانی منشیات کی سپلائی چین، مکروہ دھندے میں ملوث تمام ملزمان کو قانون کی گرفت میں لایا جارہا ہے۔

ترجمان پنجاب پولیس نے بتایا کہ لاہور سمیت مختلف اضلاع میں خصوصی مہم کے دوران منشیات فروشوں کے ٹھکانوں پر 14 ہزار سے زائد چھاپے مارے گئے ہیں، گذشتہ 49 دنوں میں منشیات فروشوں کے خلاف 7047 مقدمات درج کرتے ہوئے 7500 ملزمان کو گرفتار کیا گیا، ملزمان کے قبضے سے 4897 کلوگرام چرس، 26 کلو گرام سے زائد آئس، 210 کلو گرام افیون، 88 کلو گرام ہیروئن اور 42132 لٹر شراب برآمد کی گئی۔

(جاری ہے)

ترجمان پنجاب پولیس نے بتایا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں لاہور سمیت صوبہ بھر میں منشیات فروشوں کے ٹھکانوں پر 321 ریڈز کی گئیں، منشیات کے کاروبار میں ملوث ملزمان کے خلاف 138 مقدمات درج کرتے ہوئے 141 ملزمان کو گرفتا ر کیا گیا، ملزمان کے قبضے سے 61 کلو چرس، 2454 لٹر شراب و دیگر منشیات برآمد کی گئی۔آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے تمام اضلاع میں منشیات فروشوں کے خلاف ٹارگٹڈ آپریشنز میں تیزی کی ہدایت دیتے ہوئے کہاکہ نوجوان نسل کا مستقبل تباہ کرنے والے ملزمان کو قانون کی گرفت میں لا کر قرار واقعی سزائیں دلوائی جائیں۔
Live مریم نواز سے متعلق تازہ ترین معلومات