Live Updates

وفاقی حکومت نے بھی روٹی کی قیمت کم کر دی

اسلام آباد میں روٹی کی نئی قیمت 16 روپے جبکہ نان کی قیمت 20 روپے مقرر کر دی گئی

muhammad ali محمد علی پیر 15 اپریل 2024 21:51

وفاقی حکومت نے بھی روٹی کی قیمت کم کر دی
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 15 اپریل2024ء) وفاقی حکومت نے بھی روٹی کی قیمت کم کر دی۔ تفصیلات کے مطابق صوبہ پنجاب اور خیبرپختونخواہ کے بعد وفاق میں بھی روٹی اور نان کی قیمتوں میں ریکارڈ کمی کر دی گئی۔ روٹی کی نئی قیمت 16 روپے جبکہ نان کی قیمت 20 روپے مقرر کر دی گئی، ضلعی انتظامیہ اسلام آباد کی جانب سے نئی قیمتوں کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا، نوٹیفکیشن کے مطابق فی روٹی کی قیمت 16 روپے کی ہوگی۔

نوٹیفکیشن کے مطابق 120 گرام فی نان کی قیمت 20 روپے ہوگی، نئی قیمتوں کا اطلاق کر دیا گیا، ڈی سی اسلام آباد نے تمام اسسٹنٹ کمشنرز اور پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کو نئی قیمتوں کا اطلاق یقینی بنانے کی ہدایت کر دی۔ اس سے قبل تحریک انصاف کی حمایت یافتہ خیبرپختونخواہ حکومت نے صوبے بھر میں روٹی کی سرکاری قیمت میں بڑی کمی کا اعلان کر دیا۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ خیبرپختونخواہ علی امین گنڈاپور نے صوبے میں روٹی کی قیمت میں 5 روپےکمی کا اعلان کر دیا۔ اس حوالے سے وزیرخوراک ظاہرشاہ کے مطابق 100 گرام روٹی کی قیمت 15 روپے اور 200 گرام کی قیمت 30 روپے ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخواہ حکومت عوام کی فلاح وبہبود کیلئے اقدامات کرتی رہےگی صوبے کے عوام کو ریلیف دینے کیلئے مزید انقلابی اور عوام دوست اقدامات کئےجائیں گے، حکومت عوامی خدمت کے حوالے سے ایک بار پھر بازی لے گئی۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق اس اعلان سے خیبرپختوںخواہ سب سے سستی روٹی والا صوبہ بن گیا۔ اس وقت ملک کے کسی صوبے میں روٹی کی سرکاری قیمت 15 روپے نہیں ہے۔ جبکہ اس سے قبل پنجاب حکومت بھی روٹی سستی کرنے کا اعلان کر چکی۔ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے ٹوئٹ میں اعلان کیا کہ الحمدللہ پنجاب میں آج سے روٹی کی قیمت 16 روپے فی روٹی مقرر کر دی گئی ہے۔

وزیراعلی ٰپنجاب کی ہدایت پر ڈی سی لاہور نے روٹی نان کی نئی قیمت کانوٹیفکیشن جاری کر دیا۔ 100 گرام روٹی کی قیمت 16روپے اور 120 گرام نان کی قیمت 20روپے مقرر کی گئی ہے۔ تاہم بعد ازاں نان بائی ایسوسی ایشن نے پنجاب حکومت کا روٹی سستی کرنے کا اعلان مسترد کر دیا۔ ردعمل میں عظمیٰ بخاری نے کہا کہ نان بائی ایسوسی ایشن سے درخواست ہے حکومت کسی کے ساتھ سختی نہیں کرنا چاہتی، عام آدمی کے ریلیف میں کسی رکاوٹ کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔
Live مریم نواز سے متعلق تازہ ترین معلومات