آئی اے ای اے حکام نے ایرانی جوہری تنصیبات کا معائنہ عارضی طور پر روک دیا ہے.سربراہ بین الاقوامی جوہری توانائی ایجنسی

معائنہ کاروں کو ایرانی حکومت کی جانب سے مطلع کیا گیا تھا کہ سیکیورٹی خدشات کے باعث جوہری تنصیبات بند رہیں گی. رافیل نوگروسی کی نیویارک میں صحافیوں سے گفتگو

Mian Nadeem میاں محمد ندیم منگل 16 اپریل 2024 15:11

آئی اے ای اے حکام نے ایرانی جوہری تنصیبات کا معائنہ عارضی طور پر روک ..
نیویارک(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔16 اپریل۔2024 ) بین الاقوامی جوہری توانائی ایجنسی (آئی اے ای اے) کے سربراہ کے مطابق آئی اے ای اے حکام نے ایرانی جوہری تنصیبات کا معائنہ عارضی طور پر روک دیا ہے نیویارک میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے آئی اے ای اے کے سربراہ رافیل ماریانو گروسی نے کہا کہ ایران میں آئی اے ای اے کے معائنہ کاروں کو ایرانی حکومت کی جانب سے مطلع کیا گیا تھا کہ سیکیورٹی خدشات کے باعث جوہری تنصیبات بند رہیں گی.

(جاری ہے)

آئی اے ای اے کے معائنہ کار روزانہ کی بنیاد پر ایران کی جوہری تنصیبات کا معائنہ کرتے ہیںرافیل ماریانو گروسی نے کہا کہ انہیں ایرانی حکومت نے بتایا تھا کہ جوہری تنصیبات پیر سے معائنے کے لیے کھول دی جائیں گی لیکن انہوں نے معائنہ کاروں کو تنصیبات کا دورہ کرنے میں مزید ایک دن تاخیر کی حکمت عملی اپنائی ہے تاکہ صورتِ حال مکمل طور پر پر سکون ہو سکے.

بعض مبصرین ان خدشات کا اظہار کر رہے ہیں کہ اسرائیل کے وزیر اعظم بن یامین نیتن یاہو ایران کی جوہری تنصیبات کو نشانہ بنانے کا حکم دے سکتے ہیں امریکی نشریاتی ادارے کے مطابق ایران کی سیاسی اور عسکری قیادت متنبہ کر چکی ہے کہ اگر اسرائیل نے کوئی کارروائی کی تو تہران پہلے سے زیادہ سخت جواب دے گا دونوں ملکوں کی جانب سے ایک دوسرے کو دھمکی آمیز بیانات کے بعد خطے میں کشیدگی پھیلنے کا خدشہ ہے .

اسرائیل پر ایرانی حملے کے بعد اتوار کو اقوامِ متحدہ کی سیکیورٹی کونسل کا ہنگامی اجلاس بھی ہوا اجلاس میں اسرائیل کے اقوامِ متحدہ میں سفیر جلعاد اردان نے کہا تھا کہ ایران بہت جلد جوہری ہتھیار بنا سکتا ہے تاہم آئی اے ای اے کے سربراہ رافیل ماریانو گروسی نے صحافیوں سے گفتگو میں واضح کیا کہ ایران کے پاس افزودہ یورینیم کی ایک بڑی مقدار موجود ہے لیکن اس کا یہ مطلب نہیں کہ تہران کے پاس جوہری ہتھیار بھی ہیں انہوں نے کہا کہ جہاں تک آئی اے ای اے کا تعلق ہے تو اس کے پاس اس طرح کی کوئی معلومات یا اشارے موجود نہیں کہ ایران کا جوہری ہتھیار بنانے کا کوئی پروگرام ہے.