خیبر پختونخوا میں 4 روز سے جاری بارشوں سے 21 افراد جاں بحق اور 32 زخمی

مختلف اضلاع میں دیواریں اور چھتیں گرنے کے 330 واقعات رونما ہوئے، 53 گھروں کو مکمل اور 277 گھروں کو جزوی طور پر نقصان پہنچا

منگل 16 اپریل 2024 17:26

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 اپریل2024ء) خیبر پختونخوا میں 4 روز سے جاری بارشوں سے 21 افراد جاں بحق اور 32 زخمی ہوگئے۔خیبرپختونخوا میں بارشوں سے ہونے والے نقصانات سے متعلق پی ڈی ایم اے نے رپورٹ جاری کردی جس کے مطابق خیبرپختونخوا میں 4 روز سے جاری بارشوں کے باعث 21 افراد جاں بحق اور 32 زخمی ہوئے جب کہ جاں بحق افراد میں 9 بچے اور 3 خواتین بھی شامل ہیں۔

(جاری ہے)

اس کے علاوہ مختلف اضلاع میں دیواریں اور چھتیں گرنے کے 330 واقعات رونما ہوئے، 53 گھروں کو مکمل اور 277 گھروں کو جزوی طور پر نقصان پہنچا ہے۔پی ڈی ایم اے کے مطابق وزیراعلیٰ کی ہدایات پربارش متاثرین کو امدادی چیک بھی دیے جا رہے ہیں اور امدادی سامان بھی فراہم کر دیا گیا ۔پی ڈی ایم اے کے مطابق امدادی سامان میں 200 خیمے، 100 کچن سیٹ، 200 کمبل شامل ہیں جبکہ متاثرین کو 100 چٹائیاں، 200 مچھر دانیاں اور 200 میٹریسس دیے گئے ہیں، متاثرین کو روز مرہ زندگی کی دیگر اشیاء بھی دی گئی ہیں۔