جنوبی کوریا کے شہر ان شن میں اذان کی آوازیں گونجیں گی

2019ء میں اسلام قبول کرنے والے پوپ اسٹار دائود کم نے جنوبی کوریا میں مسجد بنانے کا اعلان کردیا،تصاویر بھی شیئر کردی،جنوبی کوریا کی ہر گلی میں اذان کی خوبصورت آواز گونجنے تک جدوجہد جاری رکھنے کا عزم

منگل 16 اپریل 2024 23:22

سئیول(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 16 اپریل2024ء) 2019ء میں اسلام قبول کرنے والے پوپ اسٹار دائود کم نے جنوبی کوریا میں مسجد بنانے کا اعلان کردیا،پوپ سنگر نے سوشل میڈیا پر جنوبی کوریا کے شہر ان شن میں مسجد کی تعمیر کے لیے خریدی گئی زمین اور اس کے معاہدے کی تصاویر شیئرکرتے ہوئے کہا کہ آخر کار آپ کی مدد سے مسجد کی تعمیر کا معاہدہ کرلیا۔

اس زمین پر اب جلد ایک مسجد بن جائے گی مجھے یقین نہیں آرہا۔

(جاری ہے)

اس سلسلے میں بہت سی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا لیکن مجھے یقین تھا کہ میں یہ کام کرلوں گا۔انہوں نے مزید کہا کہ مسجد کے ساتھ کورین شہریوں کو دین کی دعوت دینے کے لئے اسلامک پوڈ کاسٹ سٹوڈیو بھی بنایا جائے گا۔ جنوبی کوریا کی ہر گلی میں اذان کی خوبصورت آواز گونجنے تک میں جدوجہد کرتا رہوں گا۔سنگر، یوٹیوبر اور اداکار داود کم نے جو جے کم کے نام سے مشہور ہیں 2019 میں اسلام قبول کیا تھا اور متعدد بار اپنی سوشل میڈیا پوسٹس میں مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ میں حاضری کی خواہش کا اظہار کیا تھا۔ داود کم نے 2022 میں رمضان المبارک کے دوران عمرے کی سعادت حاصل کی تھی۔