صوبہ بھر میں قائم پناہ گاہوں میں ماہ مقدس رمضان کے دوران 15844 افراد نے رات گزاری،مشال اعظم یوسفزئی

منگل 16 اپریل 2024 22:20

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 اپریل2024ء) وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کی مشیر برائے زکوٰۃ و عشر،سماجی بہبود،خصوصی تعلیم و ترقی نسواں مشال اعظم یوسفزئی نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت کے قیام کے ساتھ ہی وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور کے احکامات پر پناہ گاہوں اور لنگر خانہ کو دوبارہ فعال کیا گیا جبکہ پناہ گاہوں میں رمضان المبارک کے دوران سحری اور افطاری کے انتظامات کیلئے خصوصی اقدامات اٹھائے گئے جہاں پر مسافروں کو یہ سہولت دستیاب ہوتی رہی۔

ماہ رمضان میں صوبے بھر میں 1697 رمضان دسترخوان بچھائے گئے جہاں پر 368142 افراد نے روزہ افطار و سحری کی۔ اس طرح صوبہ بھر میں قائم پناہ گاہوں میں ماہ مقدس رمضان کے دوران 15844 افراد نے رات گزاری۔ مشیر وزیراعلیٰ مشال اعظم یوسفزئی نے محکمہ سماجی بہبود کے فیلڈ افسران کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ محدود وقت و وسائل میں محکمہ سماجی بہبود کے فیلڈ افسران کی کارکردگی مثالی اور قابل تعریف ہے۔

(جاری ہے)

رمضان دسترخوان کی کامیابی انکی محنت کا ثمر ہے وہ رمضان دسترخوان اور پناہ گاہوں کی خود نگرانی کررہی ہیں۔ جبکہ رمضان المبارک کے دوران مختلف اضلاع کے دورے کیے جہاں پر سہولیات کا جائزہ لیا اور مسافروں کے ہمراہ روزہ افطار کیا جبکہ جہاں پر کوئی بہتری کی ضرورت تھی وہاں ضروری ہدایات دیں۔مشیر وزیراعلیٰ مشال اعظم یوسفزئی کا مزید کہنا تھا کہ صوبے بھر میں رمضان و عید پیکیچ مستحقین میں تقسیم کیے گئے ان پیکیچ کا مقاصد مستحقین کو عید و رمضان میں مختلف اشیاء کی خریداری میں سہولت فراہم کرنا تھا تاکہ وہ عبادات و خوشیاں بھرپور طریقے سے منا سکیں۔