ریٹیلرز رجسٹریشن سکیم ،ایف بی آر کو کامیابی نہ مل سکی،15روز میں صرف 50ریٹیلرز رجسٹرڈ ہو سکے

ایف بی آر کی جانب سے ریٹیلرز کو رجسٹریشن کیلئے دی گئی ڈیڈ لائن ختم ہونے میں صرف 2 ہفتے باقی رہ گئے ہیں، رجسٹریشن سکیم میں تاجروں کی عدم دلچسپی

Faisal Alvi فیصل علوی بدھ 17 اپریل 2024 10:34

ریٹیلرز رجسٹریشن سکیم ،ایف بی آر کو کامیابی نہ مل سکی،15روز میں صرف ..
اسلام آباد(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔17 اپریل2024 ء) فیڈرل بورڈ آف ریونیو کو ریٹیلرز رجسٹریشن میں کامیابی نہ مل سکی ،15روز میں صرف 50ریٹیلرز رجسٹرڈ ہو سکے، ایف بی آر کی جانب سے ریٹیلرز کو رجسٹریشن کیلئے دی گئی ڈیڈ لائن ختم ہونے میں صرف 2 ہفتے باقی رہ گئے ہیں۔ رجسٹریشن سکیم میں تاجروں کی عدم دلچسپی سے سکیم کی ناکامی کے امکانات بڑھ رہے ہیں اور ابھی تک صرف 50 سے بھی کم ریٹیلرز نے خود کو رضاکارانہ طور پر رجسٹر کرایا ہے، جس سے حکومت کو ریٹیلرز کی رجسٹریشن کیلئے درپیش چیلنجز کا اندازہ کیا جا سکتا ہے۔

ایف بی آر حکام کا کہنا ہے کہ ٹیکس نیٹ کو بڑھانے کیلئے توجہ دی جا رہی ہے، لیکن اس کے باجود ایف بی آر کے پاس اتنا عملہ نہیں ہے کہ وہ ٹیکس چوروں کا پیچھا کرسکے اور ان سے ٹیکس وصول کر سکے، ایف بی آر کی جانب سے 2.4 ملین نان فائلرز کی نشاندہی کی جا چکی ہے جبکہ رواں سال جنوری سے کم از کم 5 لاکھ نان فائلرز کی سمیں بند کرنے کے عزم کا اظہار کیا گیا تھا۔

(جاری ہے)

یاد رہے کہ فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے یکم اپریل سے تاجروں کی رجسٹریشن شروع کرنے کا فیصلہ کیا تھااور تاجروں کی لازمی رجسٹریشن سے متعلق مسودہ سکیم کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا تھا۔ایف بی آر کے مطابق ری ٹیلرز اور ہول سیلرز کی رجسٹریشن سکیم کا اطلاق ابتدائی طور پر 6 بڑے شہروں کیاگیاتھاجن میںکراچی، لاہور، اسلام آباد، راولپنڈی، کوئٹہ اور پشاور شامل تھے۔

سپیشل پروسیجرز فار سمال ٹریڈرز اینڈ شاپ کیپرز کے نام سے سکیم پر سٹیک ہولڈرز سے آراءطلب کر لی گئیں تھیں۔ ملک بھر میں ڈیلرز، ری ٹیلرز، مینوفیکچرر اور امپورٹرز کم ری ٹیلرز کیلئے رجسٹریشن کرانا لازمی قرار دی گئی تھی۔ایف بی آر کے مطابق سٹورز، دکانوں، ویئر ہاوٴسز، کاروباری دفاتر رجسٹریشن کرانے کے پابند ہونگے، ری ٹیلرز اور ہول سیلرز کی رجسٹریشن کرکے ایڈوانس انکم ٹیکس وصول کیا جائے گا۔