جناح ہاﺅس جلاﺅ گھیراﺅ کیس، عمر سرفراز چیمہ نے جیل ٹرائل عدالت میں چیلنج کر دیا

عدالت اوپن کورٹ میں ٹرائل کرنے کا حکم دے، جیل ٹرائل کا نوٹیفکیشن قانون اور رولز کی روشنی میں جاری نہیں کیا گیا،درخواست گزار

Faisal Alvi فیصل علوی بدھ 17 اپریل 2024 11:25

جناح ہاﺅس جلاﺅ گھیراﺅ کیس، عمر سرفراز چیمہ نے جیل ٹرائل عدالت میں ..
لاہور(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔17 اپریل2024 ء) پاکستان تحریک انصاف کے رہنماءعمر سرفراز چیمہ نے جناح ہاﺅس جلاﺅ گھیراﺅ مقدمے کا جیل ٹرائل عدالت میں چیلنج کر دیا،لاہور ہائیکورٹ میںدائر درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ عدالت اوپن کورٹ میں ٹرائل کرنے کا حکم دے۔ درخواست میں یہ موقف اختیار کیاگیا ہے کہ جیل ٹرائل کا نوٹیفکیشن قانون اور رولز کی روشنی میں جاری نہیں کیا گیا،درخواست گزار کو فیئر ٹرائل کا حق دیاجائے۔

پی ٹی آئی رہنماءعمر سرفراز پر جناح ہاﺅس پر حملے اور جلاﺅ گھیراﺅ کا الزام ہے اور تھانہ سرور روڈ میں مقدمہ نمبر 96/23 درج ہے۔خیال رہے کہ لاہور کی انسداد دہشت گری عدالت نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما عمر سرفراز چیمہ اور محمود الرشید سمیت 266 ملزمان کے خلاف جناح ہاوٴس کیس کا ٹرائل شروع کردیا تھا۔

(جاری ہے)

گزشتہ کیس کی سماعت انسداد دہشت گری کی خصوصی عدالت کے جج محمد نوید اقبال نے کی تھی۔

عمر سرفراز چیمہ، میاں محمود الرشید، عالیہ حمزہ اور صنم جاوید سمیت 130 ملزمان کو جیل سے عدالت میں پیش کیا گیاتھا۔عدالت میں محمود الرشید سمیت دیگر زیر حراست ملزمان کی ٹرائل کیلئے حاضری مکمل کی گئی تھی۔ برضمانت پی ٹی آئی رہنما روبینہ جمیل نے عدالت میں پیش ہو کرحاضری مکمل کرائی تھی۔عدالت نے مزید سماعت ملتوی کرتے ہوئے کہا کہ آئندہ سماعت پر ملزمان کو چالان کی نقول تقسیم کی جائیں گی۔

یاد رہے کہ پراسیکیوشن نے جناح ہاﺅس حملہ کیس کا چالان عدالت میں جمع کرا رکھا ہے، چالان میں صنم جاوید، عالیہ حمزہ، طیبہ عنبرین راجہ، عائشہ علی بھٹہ سمیت 266 ملزمان شامل تھے۔ ملزمان پر جناح ہاﺅس حملہ اور جلاﺅ گھیراﺅ کا الزام تھا۔مقدمے میں بغاوت اورعوام کو فسادات پر اکسانے کی دفعات شامل ہیں، چالان کے ساتھ جلاﺅ گھیراﺅ کی فوٹیج اور شواہد لگائے گئے تھے۔