متحدہ نان بائی ایسوسی ایشن کا روٹی کم قیمت پر بیچنے سے صاف انکار،گرفتاریاں اور جرمانے بھی جاری

پنجاب حکومت جو چاہے کر لے، ہم روٹی سستی نہیں کریں گے،اعلامیہ، ضلعی انتظامیہ نے 2297 مقامات کی چیکنگ کرتے ہوئے 45 افرادکو گرفتارجبکہ 122 کیخلاف مقدمات درج کر لئے

Faisal Alvi فیصل علوی بدھ 17 اپریل 2024 12:16

متحدہ نان بائی ایسوسی ایشن کا روٹی کم قیمت پر بیچنے سے صاف انکار،گرفتاریاں ..
لاہور(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔17 اپریل2024 ء) متحدہ نان بائی ایسوسی ایشن نے روٹی 16روپے میں بیچنے سے صاف انکار کر دیا ہے ،پنجاب حکومت جو چاہے کر لے، ہم روٹی سستی نہیں کریں گے۔متحدہ نان بائی ایسوسی ایشن کے اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ حکومت جب تک آٹے کا تھیلا 1600اور میدہ 7500روپے کا نہیں دے گی ہم نہ تو نان سستی کریں اور نہ ہی روٹی ۔اعلامیے میں مزید کہا گیا ہے کہ لاہور کے بیشتر تندوروں پر نان اور روٹی کی پرانی قیمت بحال کر دی گئی ہے۔

دوسری جانب پنجاب حکومت کی جانب سے روٹی او ر نان مہنگی فروخت کرنے پر کارروائیاں جاری ہیں اور ضلعی انتظامیہ نے 2297 مقامات کی چیکنگ کرتے ہوئے 45 افرادکو گرفتارجبکہ 122 کیخلاف مقدمات درج کر لئے ہیں۔روٹی و نان قیمتوں کی 311 خلاف ورزیوں پر 04 لاکھ سے زائد کے جرمانے عائد جبکہ لاہور میں مہنگی روٹی بیچنے والے بڑے معروف ریسٹورنٹ بھی سیل اور بھاری جرمانے کئے گئے ہیں۔

(جاری ہے)

ڈی سی لاہور رافعہ حیدر کے مطابق معروف شادمانی تندور، بندو خان گلبرگ، کیپری ہوٹل، ندیم تکہ اور رضوان برگر کو سیل کیا گیا۔ علاوہ ازیں اے سی ماڈل ٹاو¿ن نے 15 معروف مقامات سیل جبکہ 3 گرفتاریاں عمل میں لائی گئی ہیں۔ اسسٹنٹ کمشنر سٹی نے فوڈ سٹریٹ میں مہنگی روٹی بیچنے والے 4 افراد کو گرفتار اور 15 کو جرمانے کئے ہیں۔واضح رہے کہ گزشتہ روز بھی صوبائی وزیر خوراک بلال یاسین کی جانب مارے گئے چھاپوں میں سے مہنگی روٹی اور نان بیچنے پر 14 افراد کو موقع سے گرفتار کرلیا گیا تھا۔

صوبائی وزیر نے روٹی نان کی قیمتوں کا جائزہ لینے کیلئے شادمان اور مسلم ٹاوٴن کے علاقے کا دورہ کیاتھا جہاں مہنگی روٹی بیچنے پر وحدت روڈ پر 2 پوائنٹس سیل کر دیئے گئے تھے۔اس موقع پر بلال یاسین کا کہنا تھا کہ عادی مجرمان کو جیل کی سلاخوں کے پیچھے بھجوائیں گے۔ صوبائی وزیر نے مارکیٹ کی ناقص مانیٹرنگ پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل کی سرزنش بھی کی تھی۔