سعودی سرمایہ کاری ٹیم کے دورہ پاکستان سے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو فروغ حاصل ہو گا، مہر کاشف یونس

بدھ 17 اپریل 2024 14:46

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 اپریل2024ء) وفاقی ٹیکس محتسب کے کوآرڈینیٹر مہر کاشف یونس نے کہا ہے کہ سعودی سرمایہ کاری ٹیم کے دورہ پاکستان سے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو مزید فروغ حاصل ہو گا اور اس سرمایہ کاری سے دونوں ممالک مستفید ہوں گے۔ بدھ کو جاری اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ اس دورہ سے دوطرفہ تعاون کو فروغ حاصل ہو گا اور یہ دونوں ممالک کیلئے مشترکہ خوشحالی و ترقی کی جانب مثبت قدم ثابت ہو گا۔

سعودی ٹیم کے دورہ سے نہ صرف اقتصادی تعلقات کو تقویت ملے گی بلکہ یہ پاکستان میں اہم صنعتوں اور شعبوں کی ترقی میں بھی اہم کردار ادا کرے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ دورہ دونوں ممالک کی طرف سے اعتماد، شفافیت اور مشترکہ اقدار پر قائم طویل مدتی شراکت داری کو فروغ دینے کے عزم کی نشاندہی کرتا ہے۔

(جاری ہے)

اس کا مقصد مذاکرات اور تعاون کے ذریعے دونوں ممالک کے مابین پائیدار اقتصادی تعاون کی بنیاد رکھنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اقتصادی لحاظ سے بھی یہ دورہ علامتی اہمیت کا حامل اور دونوں ممالک کے درمیان بھائی چارے اور یکجہتی کا ثبوت ہے۔ سعودی عرب اور پاکستان کا مشترکہ ورثہ اور ثقافتی تعلق ان کے درمیان گہرے تعاون اور افہام و تفہیم کی بنیاد ہے۔ مہر کاشف یونس نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب اپنی بھر پور صلاحیتوں اور وسائل کو بروئے کار لاتے ہوئے تعاون، ترقی و خوشحالی کے نئے مواقع اور مشترکہ وژن کو عملی جامہ پہنانے کے لیے پر عزم ہیں۔