نیوزی لینڈ سیریز، پی سی بی نے پنجاب حکومت سے دو بلٹ پروف گاڑیاں مانگ لیں

محکمہ ایس اینڈ جی اے ڈی نے دو بلٹ پروف گاڑیاں دینے کیلئے فائل ایڈیشنل چیف سیکرٹری کو بھجوا دی

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب بدھ 17 اپریل 2024 13:02

نیوزی لینڈ سیریز، پی سی بی نے پنجاب حکومت سے دو بلٹ پروف گاڑیاں مانگ ..
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 17 اپریل 2024ء ) پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان کرکٹ سیریز کے لیے پی سی بی نے پنجاب حکومت سے دو بلٹ پروف گاڑیاں مانگ لیں۔ ’24 نیوز‘ کے مطابق پی سی بی نے نیوزی لینڈ سیریز کیلئے پنجاب حکومت سے دو بلٹ پروف گاڑیاں مانگ لی ہیں۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے اس حوالے سے درخواست پنجاب حکومت کو موصول ہو گئی ہے۔

محکمہ ایس اینڈ جی اے ڈی نے دو بلٹ پروف گاڑیاں دینے کیلئے فائل ایڈیشنل چیف سیکرٹری کو بھجوا دی ہے۔ ذرائع کے مطابق ایڈیشنل چیف سیکرٹری کی منظوری کے بعد یہ دو بلٹ پروف گاڑیاں پی سی بی کو فراہم کردی جائیں گی۔ خیال رہے کہ ٹی ٹونٹی سیریز کے میچز راولپنڈی میں 18، 20 اور 21 اپریل کو ہوں گے جب کہ لاہور میں میچز 25 اور 27 اپریل کو کھیلے جائیں گے۔

(جاری ہے)

یاد رہے پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان 18، 20 اور 21 اپریل کو راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں ٹی ٹونٹی میچز شیڈول ہیں، راولپنڈی میں ہونے والے تینوں میچوں کے بارش سے متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔ جمعرات کو دن کے وقت 40 فیصد اور رات کے وقت 70 فیصد بارش کا امکان ہے۔ 20 اپریل کو دوسرے ٹی ٹونٹی کے دن بھی بارش کا 52 فیصد امکان ہے۔ 21 اپریل کو تیسرے ٹی ٹونٹی والے دن بارش کا امکان 13 فیصد ہے۔

ٹی ٹونٹی سیریز کے پانچوں میچ پاکستانی وقت کے مطابق شام 7 بجے شروع ہوں گے۔ پاکستان اسکواڈ بابر اعظم، محمد رضوان، صائم ایوب، عثمان خان، افتخار احمد، اعظم خان، عماد وسیم، شاداب خان، شاہین آفریدی، نسیم شاہ، محمد عامر، عباس آفریدی، ابرار احمد، فخر زمان عرفان خان نیازی، اسامہ میر، زمان خان پر مشتمل ہے جب کہ ریزرو کھلاڑیوں میں حسیب اللہ، محمد علی، آغا سلمان، صاحبزادہ فرحان، محمد وسیم جونیئر شامل ہیں۔ نیوزی لینڈ کی ٹیم مائیکل بریسویل (کپتان)، مارک چیپ مین، جوش کلارکسن، جیکب ڈفی، ڈین فاکس کرافٹ، بین لِسٹر، کول میک کونچی، جمی نیشم، ول او رُرک، ٹِم رابنسن، بین سیئرز، ٹِم سیفرٹ (وکٹ کیپر)، ایش سودھی، ٹام بلنڈل، زیک فولکس پر مشتمل ہے۔