پنک سالٹ کی برآمدکے لیے حکومتی سرپرستی انتہائی ضروری ہے،ڈی جی ٹی ڈی اے پی

بدھ 17 اپریل 2024 17:25

سرگودھا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 اپریل2024ء) ڈائریکٹر جنرل ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان(ٹی ڈی اے پی) اطہر حسین کھوکھر نے کہا ہے کہ گلابی نمک کی برآمدکے لیے حکومتی سرپرستی انتہائی ضروری ہے کیونکہ تاجروں اور اداروں کے باہمی تعلقات کے ذریعے نمک کی صنعت سے اربوں روپے کا زرمبادلہ کمایا جا سکتا ہے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے ٹی ڈی اے پی اور سرگودھا چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے زیر ِاہتمام گلابی نمک کی برآمدات میں اضافے کے حوالے سے منعقدہ سیمینار کے دوران کیا۔

(جاری ہے)

اُنہوں نے اپیل کی کہ سرکاری محکمے تاجروں کے مسائل کے حل کے لیے ون ونڈو آپریشن شروع کریں تاکہ بروقت اقدامات کیے جا سکیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کا گلابی نمک امریکہ بھیجنے پر عمل درآمد شروع کر دیا گیا ہے۔ اس موقع پر ایس سی سی آئی کے صدر ساجد حسین تارڑ، صدر سمال چیمبر ڈاکٹر امتیاز ڈوگر، فوکل پرسن ٹریڈرز اتھارٹی آف پاکستان ملک حفیظ کامران ملک، اسسٹنٹ ڈائریکٹر ای کامرس عادل مختار، اسسٹنٹ منیجر نعیم منظور اور سالٹ ایکسپورٹر آصف نصیر گوندل نے خطاب کیا جبکہ دیگر مقررین نے کہا کہ حکومت دنیا بھر میں گلابی نمک برآمد کرنے کے لیے تاجروں کو آگاہی فراہم کر رہی ہے۔