انٹرمیڈیٹ کے پہلے سالانہ امتحان کے انعقاد کے حوالے سے تربیتی ورکشاپ

بدھ 17 اپریل 2024 17:29

سرگودھا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 اپریل2024ء) تعلیمی بورڈ سرگودھا کے زیر ِاہتمام انٹرمیڈیٹ کے پہلے سالانہ امتحان 2024 کے انعقادد کے لیے تربیتی ورکشاپ کا اہتمام کیا گیا۔اس میں ضلع بھر کے میل و فی میل ڈسٹری بیوٹنگ انسپکٹرز،ریذیڈنٹ انسپکٹرز،سپرنٹینڈنٹس اور ڈپٹی سپرنٹینڈنٹس نے شرکت کی۔ ڈپٹی کمشنر کیپٹن(ر)شعیب علی نے خطاب کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ کہ قواعد وضوابط کا ہر حال میں خیال رکھا جائے اور تمام اُمیدواران کو پرسکون اور صاف شفاف ماحول مہیا کیا جائے۔

انہوں نے ریذیڈنٹ انسپکٹرز پر زور دیا کہ وہ کسی بھی شخص کو موبائل فون امتحانی مراکز کے اندر لے کر جانے کی اجازت نہ دی جائے نیز امیدواران اور عملے کے لیے ٹھنڈے پانی اور بجلی کا مناسب انتظام کیا جائے، کسی بھی غیر متعلقہ شخص یا امیدوار کے عزیز و اقارب کو دوران امتحان امتحانی سنٹر کے قریب نہ آنے دیا جائے۔

(جاری ہے)

انہوں نے تمام ڈسٹری بیوٹنگ انسپکٹرز کو ہدایت کی وہ سوالیہ پرچوں والے لفافے سپرنٹنڈنٹس کے حوالے کرتے وقت ڈیٹ شیٹ سیشن مضمون کوڈ اور گروپ کو بغور چیک کریں تاکہ غلط پرچہ نہ کھلے۔

انہوں نے سپرنٹنڈنٹس اور ڈپٹی سپرنٹینڈنٹس کو ہدایت کی کہ وہ انتہائی فرض شناسی اور ایمانداری سے بلا خوف و خطر امتحان لیں، کسی قسم کی غلط کاری میں ملوث نہ ہوں، ہر امیدوار کو اس کی تیاری کے مطابق امتحان دینے کا موقع دیں، نہ کسی سے زیادتی کریں اور نہ کسی کو ناجائز فائدہ پہنچائیں۔ انہوں نے کہا کہ کوئی بھی خلاف قانون بات چاہے جو شخص بھی کہے اس کی تعمیل کرنے سے صاف انکار کر دیں۔انہوں نے واضع کیا کہ سوالیہ پرچوں والے لفافوں کو کسی صورت وقت مقررہ سے پہلے نہیں کھولنا اور پیپر کھلنے کے بعد کسی امیدوار کو امتحانی سنٹر میں داخل نہیں ہونے دینا۔ اس موقع پر سیکرٹری اور کنٹرولر امتحانات سمیت دیگر بورڈ افسران بھی موجود تھے۔

متعلقہ عنوان :