Live Updates

روٹی اور نان کی قیمت میں کمی کر کے وزیر اعلی مریم نواز نے ایک بار پھر عوام کا دل جیت لیا ‘ سہیل شوکت بٹ

روٹی کی قیمت میں کمی صرف اعلان تک محدود نہیں، اس کو یقینی بنانے کے لئے سخت مانیٹرنگ بھی جاری ہے‘صوبائی وزیر

بدھ 17 اپریل 2024 17:40

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 اپریل2024ء) صوبائی وزیر سوشل ویلفیئر و بیت المال سہیل شوکت بٹ نے کہا ہے کہ روٹی کی قیمت میں کمی غریب دوست وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف کا تاریخی فیصلہ ہے،100گرام روٹی کی قیمت صرف 16روپے مقرر ہے جبکہ نان جو پہلے غریب کی پہنچ سے دور تھا اب صرف 20روپے میں دستیاب ہے،صوبہ بھر میں روٹی نان کی قیمت میں کمی کا اطلاق ہو چکا ہے۔

اس سے زائد قیمت کسی صورت اب وصول نہیں کی جا سکتی۔ صوبائی وزیر سوشل ویلفیئر و بیت المال سہیل شوکت بٹ نے روٹی و نان کی قیمتوں میں کمی کے حوالے سے کہا کہ عوام کسی بھی جگہ روٹی نان کی قیمت کے حوالے سے شکایت وزیر اعلی شکایت سیل نمبر 080002345پر کال کر کے یا قیمت پنجاب ایپپر فوری درج کروائیں۔ انہوں نے کہا کہ روٹی کی قیمت میں کمی صرف اعلان تک محدود نہیں، اس کو یقینی بنانے کے لئے سخت مانیٹرنگ بھی جاری ہے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر صوبائی وزیر سوشل ویلفیئر و بیت المال سہیل شوکت بٹ نے مزید کہا کہ گندم کی بہتر فصل، رسد اور قیمت کے پیش نظر وزیراعلی پنجاب نے یہ فیصلہ کیا ہے۔ صرف ڈیڑھ ماہ کی مدت میں ایسے تاریخی اور عوامی بہبود کے فیصلے صرف مریم نواز جیسی دردمند وزیراعلی ہی کر سکتی ہیں۔ عوام کا اصل نمائندہ ہی عوام کی مشکلات کا ادراک رکھتا ہے۔ دوسرے صوبوں کے وزرائے اعلی کو مریم نواز کی قائدانہ صلاحیتوں سے سیکھنا چاہئے۔
Live مریم نواز سے متعلق تازہ ترین معلومات