Live Updates

وزیر اعلیٰ پنجاب کا ٹرانسفارمنگ پنجاب ایگریکلچر پروگرام زرعی ترقی اور کاشتکاروں کی خوشحالی کیلئے گیم چینچر ثابت ہوگا،وزیر زراعت پنجاب

بدھ 17 اپریل 2024 18:10

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 اپریل2024ء) صوبائی وزیر زراعت سید عاشق حسین کرمانی نے کہا ہے کہ وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف کا ٹرانسفارمنگ پنجاب ایگریکلچر پروگرام زرعی ترقی اور کاشتکاروں کی خوشحالی کیلئے گیم چینچر ثابت ہوگا۔وہ بدھ کے روز زراعت ہائوس لاہور میں اعلی سطحی اجلاس سے خطاب کر رہے تھے جس میں پنجاب کسان کارڈ اور زرعی ٹیوب ویلز کی سولر سسٹم پر منتقلی سے متعلق پلان کو حتمی شکل دی گئی۔

وزیر زراعت نے کہا کہ اس فلیگ شپ پروگرام کے تحت5 لاکھ کاشتکاروں کو بلاسود قرضوں کی فراہمی کیلئے150 ارب روپے مختص کئے گئے ہیں جس کے ذریعے کاشتکاروں،مالک، مزارعہ اور ٹھیکیدارکو فصلوں کی کاشت اور زرعی مداخل کی بروقت خرید کیلئے1 لاکھ50 ہزار روپے ایک کراپ سیزن کے دوران فراہم کئے جائیں گے۔

(جاری ہے)

اس سکیم کے تحت5 سے ساڑھے12 ایکڑ زمین رکھنے والے کاشتکاروں کو کسان دوست قرضوں کی سہولت فراہم کی جائے گی۔

اس کے علاوہ صوبہ پنجاب میں 5 ہزار ٹیوب ویلز کی سولر سسٹم پر منتقلی کیلئے 10 ارب روپے مختص کئے گئے ہیں۔ سید عاشق حسین کرمانی نے مزید کہا کہ ان ٹیوب ویلز کی سولر سسٹم پر منتقلی کے بعد کاشتکاروں کو بجلی کے مہنگے یونٹس پر ہونے والے اخراجات سے نجات ملے گی اور ان کی پیداواری لاگت میں واضح کمی آئے گی جبکہ اس پروگرام کے تحت صوبہ میں اگلے دو سالوں کے دوران 60 ارب روپے کی لاگت سے7300 کھالہ جات کو پختہ کیا جائے گا اور کاشتکاروں کو زمین کی ہمواری کیلئے لیزر لینڈ لیولرز سبسڈی پر فراہم کئے جائیں گے۔

اس موقع پر سیکرٹری زراعت پنجاب افتخار علی سہو نے کہا کہ اس پروگرام کے تحت کاشتکاروں کو ڈیجیٹلائزڈ قرضوں کی سہولت فراہم کی جا رہی ہے جس میں محکمہ زراعت ایک معاون کا کردار ادا کر ے گا،اس کے علاوہ محکمہ زراعت کی خصوصی ٹیمیں زیرِ سطح موجود پانی اور دوسری ٹیکنیکل رپورٹس کو مدِ نظر رکھتے ہوئے ٹیوب ویلز کو سولر سسٹم پر منتقلی کریں گی، ٹرانسفارمنگ پنجاب ایگریکلچر پروگرام کے تحت زرعی ریسرچ کے اداروں میں اصلاحات متعارف کرائی جائیں گی۔

اجلاس میں سپشل سیکرٹری زراعت ڈاکٹر شہنشاہ فیصل عظیم، ایڈیشنل سیکرٹری زراعت (پلاننگ) کیپٹن (ر) وقاص رشید،ڈائریکٹر جنرل زراعت توسیع ڈاکٹر اشتیاق حسن، چیف سائنٹسٹ ایوب زرعی تحقیقاتی ادارہ فیصل آباد ڈاکٹر ساجد الرحمان، ڈائریکٹر جنرل زراعت (اصلاح آبپاشی) ملک محمد اکرم،ڈائریکٹر جنرل زراعت سمیت دیگر افسران نے شرکت کی۔
Live مریم نواز سے متعلق تازہ ترین معلومات