ٴْ پی این آئی ایل سے نام نکلوانے پر سیکرٹری داخلہ، ایف آئی اے اور ڈی جی پاسپورٹ کو نوٹس

ئ*پتہ نہیں یہ ساری لسٹیں کون بناتا ہے،قانون میں ایسی لسٹوں کی گنجائش نہیں ،چیف جسٹس

بدھ 17 اپریل 2024 18:10

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 17 اپریل2024ء) اسلام آباد ہائیکورٹ میں فیصل آباد سے رکن قومی اسمبلی رائے حیدر علی کا نام پی این آئی ایل سے نکلوانے کی درخواست پر سیکرٹری داخلہ، ایف آئی اے اور ڈی جی پاسپورٹ کو نوٹس جاری کر دیئے۔بدھ کوچیف جسٹس عامر فاروق نے نوٹس جاری کر کے 25 اپریل کو جواب طلب کر لیا ہے۔

(جاری ہے)

چیف جسٹس عامر فاروق نے عدالت میں موجود ڈپٹی اور اسسٹنٹ اٹارنی جنرل روسٹرم پر بلایااورکہاکہ کیوں لوگوں کے نام ایسی لسٹوں ڈال رہے ہیں یہ ساری لسٹیں کون بناتا ہے، پتہ نہیں کون یہ سارے نام ڈال رہا ہے، قانون میں ایسی لسٹوں کی کوئی گنجائش نہیں ہے، وکیل نے بتایا کہ میرے موکل فیصل آباد سے منتخب ایم این اے ہیں، میرے موکل نے بیرون ملک جانا تھا لیکن ائیرپورٹ پر روک لیا گیا،بتایا گیا کہ نام پی این آئی ایل میں ہونے کی وجہ سے نہیں جا سکتے، وکیل شفقت عباس تارڑکی بات پر اسسٹنٹ اٹارنی جنرل نے بتایا کہ پرانے نام تو بہت سے نکل گئے ہیں، باقی دیکھ لیتے ہیں کون سے رہ گئے ہیں،اس پرچیف جسٹس نے کہاکہ بہت سے نکل گئے تو بہت سے ابھی نہیں بھی نکلے، انکو بھی دیکھیں،کبھی کسی کا پاسپورٹ ضبط کر لیتے ہیں کبھی سٹاپ لسٹ میں نام ڈالتے ہیں، ایسے نہ کریں،25 اپریل کی تاریخ دے رہا ہوں، متعلقہ افسر کو بلائیں اور رپورٹ پیش کریں، بعدازاں عدالت نے فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے سماعت 25 اپریل تک ملتوی کر دی۔