]وزیر دفاع خواجہ آصف سے ایرانی سفیر کی ملاقات

؁مشترکہ مفادات، سلامتی کو بڑھانے، انسداد دہشت گردی اور علاقائی اقتصادی رابطوں کے شعبوں میں مزید آگے بڑھانے کے عزم کا اظہار

بدھ 17 اپریل 2024 18:10

راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 17 اپریل2024ء) وزیردفاع خواجہ محمد آصف سے ایران کے سفیر رضا امیری مغادم نے ملاقات کی ہے ،وزیر دفاع و دفاعی پیداوار نے کہا کہ پاکستان اور ایران کے درمیان صدیوں پرانی مذہبی اور ثقافتی وابستگیوں سے جڑے خوشگوار اور برادرانہ تعلقات ہیں۔ وزیر دفاع نے مسئلہ فلسطین پر پاکستان کے موقف کا اعادہ کیا اور غزہ میں جنگ بندی کی جلد کامیابی اور مسئلہ فلسطین کے حل پر روشنی ڈالی۔

(جاری ہے)

مشترکہ سرحدی کمیشن کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے وزیر نے کہا کہ پاکستان نے بارڈر مینجمنٹ کے حوالے سے تمام ضروری اقدامات کئے ہیں اور اس معاملے پر مشترکہ کوششیں جاری رہنی چاہئیں۔اس موقع پر ایرانی سفیر نے پاکستان کی دفاعی صلاحیتوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان دفاع اور توانائی کے شعبوں میں مزید تعاون کے امکانات موجود ہیں۔دونوں فریقین نے دوطرفہ تعاون کی موجودہ سطح پر اطمینان کا اظہار کیا اور مشترکہ مفادات، سلامتی کو بڑھانے، انسداد دہشت گردی اور علاقائی اقتصادی رابطوں کے شعبوں میں اسے مزید آگے بڑھانے کے عزم کا اظہار کیا۔