سکیورٹی فورسز نے پاک افغان سرحد پر فائرنگ کے تبادلے میں7 دہشتگردوں کو ہلاک کردیا

ساتوں دہشتگردوں نے افغانستان سے پاکستان میں داخل ہونے کی کوشش کی، اس دوران سکیورٹی فورسز اور دہشتگردوں کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا،آئی ایس پی آر

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ بدھ 17 اپریل 2024 20:13

سکیورٹی فورسز نے پاک افغان سرحد پر فائرنگ کے تبادلے میں7 دہشتگردوں ..
راولپنڈی ( اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔17 اپریل 2024ء) سکیورٹی فورسز نے پاک افغان بارڈر پرفائرنگ کے تبادلے میں سات دہشتگردوں کو ہلاک کردیا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آرکے مطابق پاک افغان بارڈر پر اسپین کئی کے مقام پر دہشتگردوں نے دراندازی کی کوشش کی ، سات دہشتگردوں نے افغانستان سے پاکستان میں داخل ہونے کی کوشش کی۔ اس دوران سکیورٹی فورسز اور دہشتگردوں کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا، فائرنگ کے تبادلے میں سکیورٹی فورسز نے تمام سات دہشتگردوں کو ہلاک کردیا، سکیورٹی فورسز نے ساتوں دہشتگردوں کو گھیر لیا تھا۔

(جاری ہے)

دہشتگردوں نے اسپین کئی غلام خان پاک افغان سرحد سے دراندازی کی کوشش کی۔ ہلاک دہشتگردوں سے بھاری تعداد میں اسلحہ ، گولہ بارود اور دھماکا خیز مواد برآمد ہوا ہے۔ترجمان پاک فوج نے کہا کہ پاک عبوری افغان حکومت سے بار بار کہتا رہا ہے کہ سرحد کے اطراف مئوثر بارڈر مینجمنٹ یقینی بنائی جائے، توقع ہے عبوری افغان حکومت اپنے ذمے داریاں پوری کرے گی، توقع ہے عبوری افغان حکومت پاکستان کے خلاف دہشتگردی کے لئے افغان سرزمین کا استعمال روکے گی۔ آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ سکیورڑی فورسز سرحدوں کو محفوظ بنانے اور دہشتگردی کے خاتمے کیلئے پرعزم ہیں ۔