موسمیاتی خطرات سے نمٹنے کے لئے زیادہ فعال اور ذمہ دارانہ عالمگیر مالیاتی تحفظ کا نظام ضروری ہے، وزیرخزانہ محمداورنگزیب

بدھ 17 اپریل 2024 21:21

موسمیاتی  خطرات سے نمٹنے کے لئے  زیادہ فعال اور ذمہ دارانہ عالمگیر مالیاتی ..
واشنگٹن ڈی سی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 اپریل2024ء) وزیرخزانہ محمداورنگزیب نے کہاہے کہ موسمیاتی خطرات سے نمٹنے کے لئے زیادہ فعال اور ذمہ دارانہ عالمگیر مالیاتی تحفظ کا نظام ضروری ہے۔ انہوں نے یہ بات بدھ کوواشنگٹن ڈی سی میں مشرق وسطیٰ اور شمالی افریقہ کے وزرائے خزانہ وگورنرز سٹیٹ بینکس کی بین الاقوامی مالیاتی فنڈ کے منیجنگ ڈائریکٹ سے ملاقات میں شرکت کے موقع پرکہی۔

وزارت خزانہ کے مطابق وزیرخزانہ نے جیواکنامک تقسیم اورپاکستان پر اس کے اثرات پرروشنی ڈالی۔ وزیرخزانہ نے پاکستان کوچیلنجوں سے نمٹنے میں مدد فراہم کرنے پر آئی ایم ایف،ملٹی لیٹرل ڈویلپمنٹ بینک اور ان کے دو طرفہ شراکت داروں کا شکریہ ادا کیا ۔وزیرخزانہ نے ٹیکس کے دائرہ کار میں توسیع، خسارے کا سامناکرنے والے سرکاری ملکیتی کاروباری اداروں کی نجکاری، سماجی تحفظ کے نیٹ ورک کو وسعت دینے اور نجی شعبے کو سہولت فراہم کرنے کے ضمن میں مزید جامع اصلاحات پر زور دیا۔

(جاری ہے)

وزیرخزانہ نے موسمیاتی خطرات کے پیش نظر بین الاقوامی ریزرو اسیٹس ایس ڈی آر کو دوبارہ ترتیب دینے اور سرچارجز کی پالیسی پر نظرثانی کرنے کی اہمیت پر بھی زور دیا۔انہوں نے کہاکہ موسمیاتی خطرات سے نمٹنے کے لئے زیادہ فعال اور ذمہ دارانہ عالمگیر مالیاتی تحفظ کا نظام ضروری ہے ۔ انہوں نے ریجنل کیپیسٹی ڈویلپمنٹ سینٹرز کے ذریعے صلاحیت سازی پر فنڈ مختص کرنے کا خیرمقدم کیا۔