وزیر اعلی ٰبلوچستان میر سرفراز بگٹی سے سیکرٹری ویلفیئر فنڈ منسٹری آف اوورسیز پاکستانی ذوالفقار خان کی ملاقات

بدھ 17 اپریل 2024 22:37

وزیر اعلی ٰبلوچستان میر سرفراز بگٹی سے  سیکرٹری ویلفیئر فنڈ منسٹری ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 اپریل2024ء) وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی سے سیکرٹری ویلفیئر فنڈ منسٹری آف اوورسیز پاکستانی ذوالفقار خان نے ملاقات کی اور بلوچستان میں جاری سوشل سکیورٹی پروگرام سے متعلق آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ صوبے کے 19 ہزار ورکرز سوشل سکیورٹی پروگرام میں رجسٹرڈ ہیں جس میں 90 فیصد رجسٹریشن مائینز میں کام کرنے مزدوروں کی ہے، ان ورکرز کے بچوں کو حکومت پاکستان ورکرز ویلفیئر فنڈ کے تحت تعلیمی سپورٹ فراہم کی جارہی ہے۔

وزیراعلی بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے سوشل سکیورٹی کے تحت ورکرز فنڈز کو سراہتے ہوئے تعلیمی اداروں میں روایتی ڈگری پروگرام کے ساتھ ساتھ مختلف شعبوں کی ہنر مندی پر مبنی تعلیم کے فروغ پر زور دیا۔

(جاری ہے)

میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ بلوچستان کے دستیاب وسائل میں ہر نوجوان کو سرکاری شعبوں میں ملازمت نہیں دی جاسکتی، دنیا بھر میں مختلف شعبوں میں ٹیکنیکل افراد کی مانگ ہے، اس لئے ضروری ہے کہ ہم بھی اپنے جوانوں کو ہنر مند بناکر باعزت روزگار کے مواقع فراہم کریں۔

وزیر اعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ ورکرز ویلفیئر فنڈ کے تحت قائم اداروں میں انٹر ٹیک اور میٹرک ٹیک میں فنی تربیت و مہارت کے ایسے پروگرام متعارف کرائے جائیں جس کی عالمی اور قومی مارکیٹ میں مانگ ہے، ایسے ادارے پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے تحت بھی قائم کئے جاسکتے ہیں جس کے لئے صوبائی حکومت ہر ممکن تعاون کرے گی۔