پاکستان پیار محبت کی سرزمین ہے، تمام مذہبی اکائیاں ہمارے لئے انتہائی عزیز ہیں، ڈپٹی کمشنر نارروال

بدھ 17 اپریل 2024 21:10

نارووال ،17 اپریل (اے پی پی) (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 اپریل2024ء) بیساکھی میلہ میں شرکت کیلئے انڈیا سے براستہ واہگہ بارڈر پاکستان آنے والے 2475سکھ یاتریوں کے جتھے بدھ کے روز بذریعہ ٹرین گوردوارہ صاحب کرتارپور کی یاترا کیلئے نارووال ریلوے اسٹیشن پہنچے۔ریلوے اسٹیشن آمد پرڈپٹی کمشنر نارووال سید حسن رضا نے تمام مذاہب کے نمائندگان اور انجمن شہریاں کے نمائندوں کے ہمراہ مہمانوں کا استقبال کیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر میونسپل کمیٹی نارووال اور ضلعی انتظامیہ کی جانب سے ریلوے سٹیشن کو خوبصورتی سے سجایا گیا تھا۔اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ سکھ یاتریوں کو نارووال کی دھرتی پر دل کی گہرائیوں سے خوش آمدید کہتے ہیں۔پاکستان پیار اور محبت کی سرزمین ہے، سکھ یاتریوں کو رہائش کے لئے بہترین سہولیات اور فول پروف سیکیورٹی مہیا کی جائے گی۔بعد ازاں سکھ یاتریوں کو بسوں کے ذریعے گوردوارہ صاحب کرتارپور پہنچایا گیا ، سکھ یاتری 19 اپریل جمعہ کے روز بذریعہ ٹرین لاہور روانہ ہو جائیں گے۔