خلیجی ممالک میں ریکارڈ توڑ بارشوں کا باعث بننے والے سسٹم نے بلوچستان پہنچ کر تباہی مچا دی

بلوچستان کے کئی اضلاع میں طوفانی بارش کا سلسلہ جاری، متاثرہ اضلاع کا ملک سے زمینی رابطہ منقطع ہو گیا

muhammad ali محمد علی بدھ 17 اپریل 2024 22:02

خلیجی ممالک میں ریکارڈ توڑ بارشوں کا باعث بننے والے سسٹم نے بلوچستان ..
کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 17 اپریل2024ء) خلیجی ممالک میں ریکارڈ توڑ بارشوں کا باعث بننے والے سسٹم نے بلوچستان پہنچ کر تباہی مچا دی، بلوچستان کے کئی اضلاع میں طوفانی بارش کا سلسلہ جاری، متاثرہ اضلاع کا ملک سے زمینی رابطہ منقطع ہو گیا۔ تفصیلات کے مطابق گزشتہ چند روز کے دوران خلیجی ممالک خاص کر متحدہ عرب امارات میں بارشوں کا 75 سالہ ریکارڈ توڑنے کا باعث بننے والا بارشوں کا سسٹم پاکستان بھی پہنچ گیا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق خلیجی ممالک میں ریکارڈ توڑ بارشیں برسانے والا سسٹم بلوچستان میں داخل ہو کر تباہی مچا چکا۔ وادی کوئٹہ سمیت بلوچستان کے مختلف علاقوں میں بارش برسانے والا سسٹم داخل ہوگیا، کوئٹہ اور بلوچستان کے مختلف علاقوں میں بارش کا سلسلہ بدھ سے صبح سے وقفے وقفے سے جاری ہے۔

(جاری ہے)

میڈیا رپورٹس کے مطابق بارش کے نئے سلسلے نے بلوچستان کے کئی اضلاع میں سیلابی صورتحال پیدا کر دی ہے، یہ اضلاع پہلے سے ہی شدید بارشوں کی وجہ سے متاثر تھے۔

بارشوں کے نئے سسٹم کی وجہ سے آبادی والے علاقوں کو شدید نقصان پہنچا ہے، کئی علاقوں کا ملک سے زمینی رابطہ منقطعہ ہو گیا۔ موسمیاتی مرکز بلوچستان کے مطابق آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران گوادر جیوانی، پسنی، کیچ (تربت)، آواران، چاغی (نوکنڈی، دالبندین)، پنجگور، خاران، واشک اور نوشکی میں آندھی اور گرج چمک کے ساتھ چند ایک مقامات پر بہت زیادہ بارشیں متوقع ہیں۔

آنیوالے 36 سے 48 گھنٹوں کے دوران تمام متعلقہ محکموں سے گزارش ہے کہ وہ اس دوران الرٹ رہیں۔ بدھ کو گوادر، کیچ (تربت)، آواران، چاغی، خاران، پسنی، اورماڑہ، لسبیلہ، خضدار، قلات، نوشکی، جھل مگسی، نصیر آباد، سبی، کوہلو میں گرج چمک کے ساتھ ژالہ باری کا سلسلہ شروع ہوا جو اب تک جاری ہے۔ ڈیرہ بگٹی، لورالائی، دالبندین، پنجگور، ہرنائی، کوئٹہ، زیارت، چمن، پشین، کاریزات، قلعہ سیف اللہ، مستونگ، شیرانی، ژوب، موسیٰ خیل اور بارکھان بھی شدید بارشوں کی زد میں ہیں۔

جبکہ جمعرات کو گوادر، کیچ (تربت)، آواران، چاغی، خاران، پسنی، اورماڑہ، لسبیلہ، خضدار، قلات، نوشکی، جھل مگسی، نصیر آباد، سبی، کوہلو، ڈیرہ میں تیز آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ اسی طرح ڈیرہ بگٹی، لورالائی، ہرنائی، کوئٹہ، ضربت، چمن، پشین، کریزات، پنجگور، دالبدین، قلعہ سلف اللہ، مستونگ، شیرانی، ژوب، موسیٰ خیل اور بارکھان میں بھی بارش کا امکان ہے۔