متحدہ عرب امارات میں موسمی صورتحال کےباعث سرکاری دفاتر اور تعلیمی اداروں میں آن لائن سرگرمیوں میں جمعہ تک توسیع

جمعرات 18 اپریل 2024 10:00

ابو ظہبی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 اپریل2024ء) متحدہ عرب امارات میں موسمی صورتحال کے باعث تمام وفاقی سرکاری دفاتر اور تعلیمی اداروں میں آن لائن سرگرمیوں میں جمعہ (کل) تک توسیع کر دی گئی ہے۔ اردو نیوز کے مطابق اماراتی وزار کونسل کی جانب سےگزشتہ روز جاری بیان میں کہا گیا کہ تمام سرکاری اداروں کے ملازمین گھروں سے کام کریں گے ان ملازمین کے علاوہ جن کی دفاتر میں موجودگی ضروری ہوتی ہے۔

(جاری ہے)

دوسری طرف دبئی حکومت نے پرائیویٹ سکولوں میں آن لائن تعلیم میں توسیع کرتے ہوئے اسے جمعرات اور جمعے کو بھی جاری رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔ علاوہ ازیں فلائی دبئی نے دبئی انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے جزوی طور پر پروازیں بحال کرنے کا اعلان کیا ہے۔ فلائی دبئی کے ترجمان نے کہا کہ امارات میں موجودہ موسمی حالات کے باعث مزید پروازیں منسوخ کی گئی ہیں۔ جن مسافروں کی بکنگ منسوخ کردی گئی ان سے رابطہ کیا جائے گا تاکہ ان کے ٹکٹ مکمل طور پر واپس کیے جاسکیں۔