گلوکار افی جان نے پانچ سال بعد اپنے نئے گانے پر کام شروع کردیا

مقامی سٹوڈیومیں اپنے دوگانوں کی ریکارڈنگ شروع کردی ہے جن کے کمپوزر خاور حسین اور ارینجر کاشی خان ہیں،افی جان

جمعرات 18 اپریل 2024 11:50

کھڈیاں خاص (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 اپریل2024ء) نوجوان نسل کے نمائندہ گلوکار افی جان نے پانچ سال بعد اپنے نئے میوزک پراجیکٹ پر کام شروع کردیا۔تفصیلات کے مطابق گلوکار افی جان نے اپنی کاروباری مصروفیات کی بناء پر گلوکاری سے عارضی کنارہ کشی اختیار کرلی تھی انہوں نے گذشتہ رو زاپنے نئے میوزک پراجیکٹ پر کام شروع کردیاہے انہوں نے مقامی سٹوڈیومیں اپنے دونئے گانوں کی کمپوزیشنز بنواکر اس کا میوزک تیار کرواناشروع کردیا ہے ان دو نئے گانوں کی شاعری ان کی اپنی لکھی ہوئی ہے اس کی کمپوزیشن استاد خاور حسین نے ترتیب دی ہے جبکہ ان کا میوزک کاشی خان ترتیب دینگے ان گانوں کی ریکارڈنگ ومکس ماسٹرنگ عامر سمیع خان کرینگے۔

ایک ملاقات کے دوران افی جان نے بتایاکہ اس سے قبل ان کے دس گانوں نے دھوم مچائی ہوئی تھی مگر اپنی کاروباری مصروفیات کی بناء پر عارضی طور پر کنارہ کشی اختیار کرنی پڑی مگر پرستاروں کے مسلسل اصرار پرانہیں دوبارہ گلوکاری کی طرف لوٹنا پڑا۔

(جاری ہے)

افی جان کا کہناتھا کہ انہوں نے اپنے پرستاروں کے لیئے دوگانوں کی سلیکشن کی ہے ان میں سے ایک اردو میلوڈی سونگ ہے اور ایک پنجابی فوک گیت ہے انہیں امید ہے کہ پرستار عرصہ دراز بعد ان کے ان گانوں کو خوش دلی سے ویلکم کرینگے اور سراہیں گے۔

افی جان نے مذید بتایاکہ ان گانوں کی آڈیومکمل کرنے کے بعد ان کی ویڈیو تیار کی جائیگی اور ان کے اپنے یوٹیوب آفیشل چینل و دیگر سوشل سائیٹس پر ریلیز کردی جائیگی انشاء اللہ اب گلوکاری کا یہ سفر ایسے ہی جاری رہے گا۔