دبئی میں بارشیں، 50 سے زائد پاکستانی کویت ایئر پورٹ پر پھنس گئے

پاکستانی عمرے کی ادائیگی کیلئے دبئی سے سعودی عرب گئے تھے‘ غیر ملکی ایئرلائن نے بھارتی اور نیپالی مسافروں کو ہوٹل بھیج دیا‘ پاکستانی پاسپورٹ کے حامل مسافروں کو ایئرپورٹ پر ہی چھوڑ دیا گیا۔ مسافر فہیم الدین کی گفتگو

Sajid Ali ساجد علی جمعرات 18 اپریل 2024 12:19

دبئی میں بارشیں، 50 سے زائد پاکستانی کویت ایئر پورٹ پر پھنس گئے
کویت سٹی ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 18 اپریل 2024ء ) متحدہ عرب امارات میں بارشوں کے باعث 50 سے زائد پاکستانی کویت ایئر پورٹ پر پھنس گئے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق کویت ایئر پورٹ پر 2 دن سے محصور 50 سے زائد پاکستانیوں میں شامل ایک مسافر فہیم الدین نے بتایا ہے کہ پاکستانی مسافر عمرے کی ادائیگی کے لیے دبئی سے سعودی عرب گئے تھے جہاں سے واپسی پر ہم مدینہ منورہ سے براستہ کویت دبئی کے لیے سفر کر رہے تھے، دبئی میں طوفان کی وجہ سے پرواز کویت میں رکی ہوئی ہے، جس کی وجہ سے غیر ملکی ایئرلائن نے بھارتی اور نیپالی مسافروں کو ہوٹل بھیج دیا لیکن پاکستانی پاسپورٹ کے حامل مسافروں کو ایئرپورٹ پر ہی چھوڑ دیا گیا۔

انہوں نے الزام عائد کیا کہ غیر ملکی ایئرلائن نے پاکستانی مسافروں سے اچھا برتاؤ نہیں کیا، 2 دن میں صرف 2 مرتبہ کھانا دیا گیا، آخری مرتبہ انہوں نے ہمیں کل رات کھانا دیا تھا، ہم کویت میں پاکستانی قونصل خانے سے بھی رابطے کی کوشش کر رہے ہیں، اس کے علاوہ مشکل صورتحال میں پاکستان حکومت سے فوری مدد کی اپیل کرتے ہیں۔

(جاری ہے)

بتایا جارہا ہے کہ متحدہ عرب امارات میں شدید بارشوں کے باعث متعدد فلائٹس کینسل کر دی گئی تھیں، شدید بارشوں کی وجہ سے دبئی ایئرپورٹ پر آپریشنل خلل کے باعث مسافروں کے لیے ایڈوائزری جاری کی گئی، جس میں انتظامیہ نے مسافروں سے کہا کہ اس وقت تک ایئرپورٹ پر نہ آئیں جب تک کہ انتہائی ضروری نہ ہو کیوں کہ موسم کی خرابی کے باعث پروازوں میں تاخیر اور انہیں دیگر ہوائی اڈوں کی جانب موڑنے کا سلسلہ جاری ہے، اس لیے براہِ کرم اپنی ایئر لائن سے براہ راست اپنی پرواز کی صورتحال چیک کریں۔

ایک بیان میں DXB انتظامیہ کا کہنا تھا کہ ہم موسم کی وجہ سے آپریشن میں نمایاں رکاوٹ کا سامنا کر رہے ہیں، اپنی ایمرجنسی رسپانس ٹیموں اور سروس پارٹنرز کے ساتھ مسلسل کام کر رہے ہیں تاکہ معمول کے فلائٹ آپریشن کو جلد از جلد بحال کیا جا سکے، سیلاب اور سڑکوں کی رکاوٹوں نے ٹرانسپورٹ کے محدود اختیارات چھوڑے ہیں، مہمانوں کی آمد اور روانگی کی پروازوں میں تاخیر ہورہی ہے اور کئی پروازوں کا رخ بھی موڑ دیا گیا، آپریشن کی معمول پر بحالی میں کچھ وقت لگے گا، ایئرپورٹ اتھارٹی ہنگامی رسپانس ٹیموں اور سروس پارٹنرز کے ساتھ چوبیس گھنٹے کام کر رہی ہے تاکہ چیزوں کو جلد از جلد ٹریک پر لایا جا سکے، اس صورتحال میں لوگوں سے اپیل کی جاتی ہے کہ براہ راست اپنی ایئرلائن سے اپنی فلائٹ اسٹیٹس کی تصدیق کریں ۔