امریکی حکام کی وزیرخزانہ سے ملاقات ، متبادل توانائی کے ذرائع ، زراعت سمیت دیگر امورپرگفتگو

جمعرات 18 اپریل 2024 14:40

واشنگٹن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 اپریل2024ء) اسسٹنٹ سکرٹری مسٹر ڈونالڈ لواور پرنسپل ڈپٹی اسسٹنٹ سکرٹری آف یو ایس اسٹیٹ ڈیپارٹمنٹ مسز الزبتھ ہورسٹ نے وزیر خزانہ مسٹر محمد اورنگزیب سے ورلڈ بینک کے ہیڈ کوارٹر میں ملاقات کی تاکہ واشنگٹن میں پاک امریکہ تعلقات کو مضبوط بنانے کے لیے سیاسی عزم کو اجاگر کیا جا سکے۔ ملاقات کے دوران متبادل توانائی کے ذرائع، زراعت، موسمیاتی تبدیلی کے خلاف ابھرنے کی صلاحیت اور ٹیک انڈسٹری پر خصوصی زور دینے کے پر تبادلہ خیال کیا۔

(جاری ہے)

اسی کے ساتھ اقتصادی شراکت داری کو اپ گریڈ کرنے پر بھی زور دیا گیا۔ وزیر نے انہیں پاکستان کے اصلاحاتی ایجنڈے کے بارے میں بتایا جس میں ٹیکس کی بنیاد کو وسیع کرنا، توانائی کے شعبے کو ہموار کرنا اور سرکاری اداروں کی نجکاری کے عمل کو تیز کرنا شامل ہے۔ انہوں نے آئی ٹی، قابل تجدید ذرائع، زراعت اور معدنیات نکالنے میں امریکی سرمایہ کاری کے لیے ابھرتے ہوئے مواقع کی نشاندہی کی۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان یو ایس انٹرنیشنل ڈویلپمنٹ فنانس کارپوریشن اور ایگزم بینک کے ساتھ مل کر کام کرے گا۔