شیخ محمد بن زید النہیان کی ملک میں حالیہ بارشوں سے متاثرہ تمام خاندانوں کو ضروری مدد فراہم کرنے کی ہدایت

جمعرات 18 اپریل 2024 14:48

ابوظہبی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 اپریل2024ء) متحدہ عرب امارات کے شیخ محمد بن زید النہیان نے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ شہریوں اور رہائشیوں کا تحفظ متحدہ عرب امارات کی حکومت کی اولین ترجیح ہے،انہوں نے حال ہی میں ملک بھر میں خراب موسمی حالات کے دوران لوگوں کی جانب سے دکھائے جانے والے شعور اور ذمہ داری کی سطح کو بھی سراہا۔

متحدہ عرب امارات کی نیوز ایجنسی وام کی رپورٹ کے مطابق شیخ محمد بن زید النہیان نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی ہے کہ وہ ملک میں بنیادی ڈھانچے کی حالت کااز سر نو جائزہ لینے پر تیزی سے کام کریں اور ملک میں ریکارڈ بارشوں کے بعد ہونے والے نقصانات کے اثرات کو کم سے کم کریں۔انہوں نے مقامی اداروں کے تعاون سے متاثرہ خاندانوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کا حکم دیتے ہوئے سخت موسم سے متاثرہ تمام خاندانوں کو ضروری مدد فراہم کرنے کی بھی ہدایت کی۔

(جاری ہے)

شیخ محمد بن زید النہیان نے غیر معمولی حالات کے دوران ریسکیو اور انخلا کی کارروائیوں کا انتظام کرنے پر قومی اور مقامی ایمرجنسی اور کرائسس ٹیموں کے اراکین اور مختلف حکام کی کوششوں کو سراہا اور کہا کہ ان کوششوں سے لوگوں کے جان و مال کے تحفظ میں مدد ملی ہے۔شیخ محمد بن زید النہیان موسمی حالات کے دوران متحدہ عرب امارات کے شہریوں کی طرف سے یکجہتی کے جذبے کے اظہار پر بھی روشنی ڈالی اور اسے متحدہ عرب امارات کی شناخت کا حقیقی جوہر قرار دیا۔\932