بجلی چوروں پر کوئی رحم نہیں ہو گا،اویس لغاری

بجلی چوری میں ملوث کسی کے ساتھ کوئی رعایت نہیں برتی جائیگی،پاور سیکٹر کے نقصانات 560 ارب روپے ہیں، افسر بھی بجلی کی چوری میں ملوث ہیں،پریس کانفرنس

Faisal Alvi فیصل علوی جمعرات 18 اپریل 2024 15:25

بجلی چوروں پر کوئی رحم نہیں ہو گا،اویس لغاری
اسلام آباد(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔18 اپریل2024 ء) وفاقی وزیر توانائی اویس لغاری نے کہا ہے کہ اب بجلی چوروں پر کوئی رحم نہیں ہو گا،بجلی چوری میں ملوث کسی کے ساتھ کوئی رعایت نہیں برتی جائیگی،پاور سیکٹر کے نقصانات 560 ارب روپے ہیں، افسر بھی بجلی کی چوری میں ملوث ہیں، کسی بجلی چور کا لحاظ نہیں کریں گے، معیشت کی خرابی پاور سیکٹر کی وجہ سے بھی ہے۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر توانائی کا کہنا تھا کہ ایف آئی اے اور وزارتِ داخلہ کی بجلی چوری کی روک تھام میں معاونت پر مشکور ہیں۔ ملک میں کروڑوں کے اضافی بل بھیجے جاتے ہیں۔3 ہفتے میں محکمے کی کمزرویوں کا جائزہ لیا، پاور سیکٹر کے لیے اصلاحات تیار کی ہیں۔ بجلی کمپنیاں بورڈز کے ذریعے اپنے فیصلے کریں، بجلی کمپنیوں کے بورڈز کی تنظیمِ نو کریں گے، بجلی چوری کے خلاف مہم میں عوام کی مدد درکار ہے۔

(جاری ہے)

ملک بھر میں کنڈا سسٹم کا خاتمہ کریں گے۔یاد رہے کہ وزیراعظم شہباز شریف نے چند روز وزارتِ توانائی کو 1 سے 3 ماہ میں 16 ٹاسک مکمل کرنے کے احکامات جاری کر کئے تھے۔ وزیرِ اعظم شہباز شریف نے 2 ماہ میں سر پلس بجلی کو کھپانے کیلئے نئے انڈسٹریل زون تیار کرنے کا پلان پیش کرنے کی ہدایات بھی کیں تھیں۔ وزیرِ اعظم شہباز شریف نے 2 ہفتوں میں پاور اور پیٹرولیم ڈویڑن کو گردشی قرضے کا حل تیار کرنے کا کہا تھا۔

گیس کی قیمتوں میں حالیہ اضافے پروزیر شہباز شریف نے اظہارِ برہمی کیا تھا۔وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے 1 ماہ میں گیس کی قیمتوں میں حالیہ اضافے کی فارنزک آڈٹ کی رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت بھی کی گئی تھی۔گیس کی قیمتوں میں حالیہ اضافے پر وزیرِ اعظم شہباز شریف نے اظہارِ برہمی کرتے ہوئے اوگرا اور گیس کمپنیوں کی کارکردگی کا جائزہ لینے کا فیصلہ کیا تھا۔